اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) پندرہ برس سے مغوی بیٹے کی بازیابی کیلئے در در کی ٹھوکریں کھانے والے شخص نے چیف جسٹس کو داد رسی کیلئے درخواست دی ہے۔ جڑانوالہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے رہائشی شاہد جاوید نے اپنی درخواست میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار کو بتایا ہے کہ انیس اکتوبر سن دوہزار دو کو اس کے آٹھ برس کے بیٹے ذیشان کو اغوا کیا گیا جس کے خلاف پولیس کو مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی لیکن بروقت ایف آئی آر درج نہ کی گئی، بعد ازاں اس وقت کی حکومت سے اپیل کی تو 14 یوم کی تاخیر سے ملزمان قمرعباس اور عبداللہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا لیکن پولیس نے تاحال کسی قسم کی کارروائی نہیں کی۔ ملزمان نے میرے خلاف انتقامی کارروائیاں شروع کیں اور میرا کاروبار بھی تباہ ہوگیا۔ درخواست گزار شاہد جاوید کے مطابق اس نے انصاف کے لیے ہرفورم سے رجوع کیا لیکن پولیس ملزمان سے ملی ہوئی ہے۔ درخواست گزار نے کہاہے کہ پنچایت کی آڈیو ریکارڈنگ اس کے پاس محفوظ ہے۔ متاثرہ شاہد جاوید نے چیف جسٹس سے اپیل کی ہے کہ اس کے بیٹے کو بازیاب کرایا جائے اوربااثر ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
بیٹا بازیاب
”بیٹے کے اغوا کو 15 برس ہو گئے“ بازیاب کرایا جائے‘جڑانوالہ کا باپ انصاف کیلئے سپریم کورٹ پہنچ گیا
Jul 16, 2017