رائل ائر ٹیٹو شو: پاک فضائیہ کے طیارے ہرکولیس سی ون تھرٹی کی دوم پوزیشن

Jul 16, 2018

اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر) پاک فضائیہ کے ہرکولیس C-130 نے رائل ائرٹیٹو شو 2018ء میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔ فضائیہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ دن پاک فضائیہ کے لئے باعث مسرت تھا جب برطانیہ میں ہونے والے تین روزہ رائل انٹرنیشنل ائر ٹیٹو شو 2018ء میں پاک فضائیہ کے ہرکولیس C-130 طیارے نے دوسری پوزیشن اپنے نام کر لی۔ یہ بہت بڑا اعزاز ہے کہ پاک فضائیہ کے ہرکولیس C-130 طیارہ نے دنیا بھر سے آئے ہوئے 300 طیاروں میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل مجاہد انور خان نے بھی ائرشو میں حصہ لینے والے نمبر 6 سکواڈرن کے ہرکولیس طیارے کا معائنہ بھی کیا۔ انہیں جہاز پر مزین مختلف اقسام کی تصاویر اور پینٹنگز کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے اس میگا ایونٹ میں پاک فضائیہ کی ٹیم کو ان کی شاندار کارکردگی اور وطن عزیز کا نام سر بلند کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ پاک فضائیہ کے دستے کی کاوش کو سراہتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ یہ عظیم کامیابی بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مثبت پہلوکو اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔ قبل ازیں پاک فضائیہ کے سربراہ نے چیف آف دی ائیر سٹاف پاور کانفرنس میں شرکت کی جس کا موضوع ’بلڈنگ دی نیکسٹ جنریشن ائرفورس‘ تھا۔ سینئر حکومتی وزرائ، اعلی عہدیداران اور تقریباً ساٹھ سے زائد بین الاقوامی فضائیہ کے سربراہان نے اس کانفرنس میں شرکت کی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ آج کل برطانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں۔
فضائیہ/ دوم پوزیشن

مزیدخبریں