اسلام آباد/ کراچی (وقائع نگار خصوصی+ سٹاف رپورٹر) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے سیاسی کارکنوں پر دہشتگردی کے ایکٹ کے تحت مقدمات داخل کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے ملک کا آئین جمہوری آزادی کی ضمانت دیتا ہے، اظہار رائے کی آزادی پر قدغن قابل قبول نہیں۔ پارٹی کے میڈیا سیل سے جاری پیغام میں انہوں نے کہا سیاسی کارکن جمہوریت کی طاقت ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا گالی اور گولی کی سیاست جمہوریت کی دشمن ہے۔ جن کی زبان پر گالی ہے وہ عوام کو کیا دیں گے۔ الیکشن کمشن کا یہ فرض ہے وہ تمام سیاسی پارٹیوں کو انتخابات میں سازگار ماحول فراہم کرے۔ آصف علی زرداری نے کہا بلاول بھٹو کو سکیورٹی خدشات ضرور ہیں مگر وہ عوام سے دور نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے دادو میں پیپلزپارٹی کے امیدوار برائے قومی اسمبلی کے جلوس پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سندھ سے کہا وہ ملزمان کو گرفتار کرے۔ انہوں نے پارٹی کے زخمی کارکنوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی وہ صبر وتحمل سے کام لیں اور پرامن طریقے سے انتخابی مہم کو رواں دواں رکھیں۔
زرداری