لاہور‘بٹ خیلہ(خصوصی رپورٹر+صباح نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے پیپلزپارٹی اورکچھ دوسری جماعتوں کو الیکشن سے روکا جا رہا ہے جبکہ مخصوص جماعتوں کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے،الیکشن کے لیے سازگار ماحول نہیں مل رہا، اوچ شریف اور ملتان میں ہمارے جلسے منسوخ کیے گئے، ہم کب تک یہ برداشت کریں گے۔انتخابات سے روکنے کا معاملہ الیکشن کمیشن کے سامنے اٹھائیں گے۔ الیکشن کمیشن اور نگرا ن حکومت مسئلے کو سنجیدگی سے لے۔متنازعہ الیکشن کا نتیجہ متنازع پارلیمنٹ کی صورت میں نکلے گا جو ملک کے مفاد میں نہیں۔مالاکنڈ کے علاقہ بٹ خیلہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا جلسہ منسوخ ہونے کے باوجود مالا کنڈ آیا ہوں،یہاں گھر گھر پانی اور گیس پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے ، ہمیں بنیادی حقوق پر توجہ دینا ہو گی ، گیس اور پانی کے مسائل حل کرنا ہوں گے ،ذوالفقار علی بھٹو نے معاشی انصاف کی بنیاد رکھی تھی اور بینظیر بھٹو نے ساری سیاسی جدوجہد اسی انداز میں کی جبکہ آصف علی زرداری نے خیبرپی کے کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی ۔انہوں نے کہا اگلی حکومت 18ویں ترمیم پر عملدرآمد نہیں کرتی تو پھر صوبہ کے عوام کے مسائل کو حل کرنا مشکل ہو گا ، پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات کے بعد حکومت بنا کر تمام صوبوں کو ان کے حقوق دلائے گی ۔انہوں نے کہا دہشتگرد چاہتے ہیں خوف کی فضا قائم کر کے جمہوریت اور آزادی کو نقصان پہنچائیں مگر انشاءاللہ ان کی یہ کوشش کامیاب نہیں ہونے دینگے ۔ الیکشن وقت پر ہونگے ، عوام کے مسائل پارلیمنٹ میں حل ہونے چاہئیں اور کمزور پارلیمنٹ بنی تو عوامی مسائل کے حل میں مشکلات ہونگی۔ انہوں نے کہا سب کو الیکشن لڑنے کے یکساں مواقع ملنا ضروری ہیں، ملک بھر سے شکایات مل رہی ہیں پیپلز پارٹی اور چند دیگر سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع نہیں دیے جارہے اور الیکشن میں حصہ لینے سے روکا جارہا ہے جبکہ مخصوص جماعتوں کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا شفاف الیکشن ہمارا حق ہے جس کے بغیر بننے والی پارلیمنٹ متنازع اور کمزور ہوگی، 2013 میں جو تجربات کیے گئے اس سے معاشرے کو نقصان پہنچا، مختلف علاقوں میں انتظامیہ کی جانب سے پی پی پی کے امیدواروں اور کارکنوں کو تنگ کیا جارہا ہے اور نشانہ بنایا جارہا ہے جو ناقابل قبول ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا اداروں میں ٹکراﺅ نہیں ہونا چاہیے، سب کو اپنی حدود میں رہنا چاہیے، عوام کے سارے مسائل پارلیمنٹ میں حل ہونے چاہئیں، قانون کے مطابق نواز شریف کو گرفتار کیا گیا لیکن مسلم لیگ(ن ) کے عام سیاسی رہنماﺅں اور کارکنان کی گرفتاریاں ناقابل فہم ہیں۔ انہوں نے کہا پی پی واحد جماعت ہے جو پارلیمان آ کر تمام مسائل کو حل کر سکتی ہے ۔ جب کمزور ،کٹھ پتلی اور آئی جے آئی کی طرح کی حکومت بنائی جاتی تو وہ عوام کے مسائل حل نہیں کر سکتی ۔ آن لائن،آئی این پی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انتخابات کے لئے سازگار ماحول نہیں مل رہا، پیپلزپارٹی کو دیوار سے نہ لگایا جائے۔ہم سینٹ میں اس مسئلے کو اٹھائیں گے۔ادارے اپنے آئینی دائرے میں رہیں تاکہ عوامی مسائل حل ہوں۔انہو ں نے گدھوں سے متعلق بیان پر عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گدھا کہنا عوام کی توہین ہے۔ عدلیہ کا کام ڈیم بنانا نہیں‘ انصاف فراہم کرنا ہے۔ مخلوط حکومت عوام کے مسائل حل نہیں کرسکتی۔ بلاول نے مساوی مواقع نہ ملنے پر الیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ بلاول نے کہا معاملات سینٹ میں بھی اٹھائیںگے۔لاہورسے خصوصی رپورٹرکے مطابق بلاول بھٹو زرداری آج سوموار سے سینٹرل پنجاب کا چارروزہ دورہ شروع کر رہے ہیں وہ آج 16جولائی کو اٹک جائیں گے جبکہ شام کو راولپنڈی پہنچیں گے۔ 17جولائی کو جہلم اور گجرات جائیں گے اور مختلف ریلیوں سے خطاب کریں گے۔ 18جولائی کی صبح منڈی بہا الدین اور پھر سرگودھا جائیں گے اور شام کو فیصل آباد پہنچیں گے۔ 19جولائی کی صبح وہ لاہور آئیں گے اور قومی اور صوبائی حلقوں کا طوفانی دورہ کریں گے۔ چار روزہ انتخابی مہم کا اختتام 19جولائی کو قصور کی انتخابی ریلی سے خطاب کر کے کریں گے۔آئی این پی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا خیبرپی کے حکومت کی طرف سے الیکشن مہم پر پابندی لگانے کو نہیں مانتے، اس ملک کے شہری ہیں اور الیکشن مہم چلانا ہمارا بنیادی حق ہے، چیف جسٹس کے نیت پر شک نہیں مگر ڈیمز بنانا اور فنڈ اکٹھی کرنا عدلیہ کا کام نہیں جس طرح ”میں اپنی والدہ بے نظیر بھٹو اور نانا ذوالفقار بھٹو کیسز میں انصاف کا منتظر ہوں اسی طرح ہزاروں لاکھوں افراد عدالتوں سے انصاف کے منتظر ہیں۔ علاوہ ازیں لورالائی سے روزی خان کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لورالائی میں ہولو گرام کے ذریعے سرکاری باغ میں ایک بڑے انتخابی جلسہ عام سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا بلوچستان ملک کے آدھے حصہ پر مشتمل ہے لیکن یہاں کے عوام غربت بدامنی دہشت گردی کا شکار اورصاف پانی، روزگار، تعلیم، صحت اور زندگی کے دیگر بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے ۔
بلاول بھٹو