لاہور/ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے صدر سابق وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف آج 16 جولائی کو ایک مرتبہ پھر نیب میں پیش ہونگے۔ انہیں پنجاب پاور کمپنی کیس کی تحقیقات کیلئے بلایا گیا ہے۔ میاں شہبازشریف اس سے قبل بھی دو مرتبہ نیب کے دفتر پیش ہوچکے ہیں۔ انہیں آج پیش ہو کر پنجاب پاور کمپنی کیس میں تحقیقات میں شامل ہونے کا کہا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف کو اس سلسلے میں سوالنامہ بھی دیا گیا تھا۔ واضح رہے مسلم لیگ ن کے صدر محمد شہباز شریف چند دن پہلے بھی نیب میں پیش ہوئے تھے، جہاں ان سے 2گھنٹے سے زائد سوال وجواب کئے گئے تھے۔ اسلام آباد سے نامہ نگار کے مطابق احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف سابق وزیراعظم نواز شریف ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیلیں (آج) اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کئے جانے کا امکان ہے۔ احتساب عدالت سے فیصلہ آنے کے بعد دس دن کے اندر اپیلیں دائر کی جا سکتی ہیں، آج دس دن پورے ہو جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق اپیلیں تیار کر لی گئی ہیں، خواجہ حارث ایڈووکیٹ کے ذریعے آج دائر کی جائیںگی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر (آج) پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے اور ان کی اپیلیں وہاں دائر کی جائیں گی۔
شہبازشریف/ طلبی
پنجاب پاور کمپنی کیس : شہبازشریف آج نیب پیش ہونگے‘ سزا کیخلاف نوازشریف‘ مریم صفدر کی اپیلیں دائر ہونے کا امکان
Jul 16, 2018