کابل (اے ایف پی+ انٹرنیشنل ڈیسک + سنہوا) افغانستان میں طالبان کے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے‘ جھڑپوں میں 14 جنگجو جبکہ خودکش حملے میں 7 افراد ہلاک‘ 31 زخمی ہوگئے۔ صوبہ بدخشاں کے گورنر کے ترجمان کے مطابق طالبان نے ضلع زیبک میں افغان فورسز کی چوکیوں پر حملے کردیئے۔آئی این پی کے مطابق اتوار کو افغان حکومت کے جاری کیے گئے بیان کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے ننگرہارضلع بتی کوٹ کے کپتان بابا مڈل سکول کو آگ لگا کر جلا دیا۔ عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی جبکہ عمارت کے اندر موجود تمام دستاویزات اور کتابیں بھی جل گئیں۔ معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ سکول کے طالب علموں کی تعداد 800 سے زائد ہے ۔ ابھی تک کسی تنظیم نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ کابل میں بمبار نے وزارت دیہی ترقی و بحالی کے گیٹ پر اڑا لیا۔ ملازمین کو نشانہ بنایا جو چھٹی کے بعد گھروں کو واپس جارہے تھے۔ 7 مارے گئے اور 15 افراد زخمی ہوئے۔ مرنے والوں میں شہری اور سکیورٹی اہلکار شامل ہیں۔