عمران خان کا رویہ غیرسیاسی ہے، عوام ہر گز ساتھ نہیں دینگے: حمزہ شہباز

Jul 16, 2018

لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ محض اقتدار کا حصول اور کرسی کی ہوس عمران خان کے اعصاب پر سوار ہے۔ ا±ن کا رویہ ہمیشہ کی طرح غیر سیاسی ہے، عوام ہر گز ان کا ساتھ نہیں دینگے اور 25 جولائی کو جیت حق اور سچ کی ہو گی۔ یہاں گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے بارے میں طرح طرح کی افواہیں پھیلانے والوں کا مقصد انتشار اور نفاق کی سیاست کو فروغ دینا ہے لیکن وہ مایوس ہوں گے اور 2013ءکے مقابلے میں کہیں بڑھ کر مسلم لیگ (ن) ملک بھر سے کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کا کارکردگی میں مقابلہ نہ کر پانے والے اب آئیں بائیں اور شائیں کر رہے ہیں اور انہیں وہ نام نہاد تبدیلی یاد آ رہی ہے جس پر وہ 5برسوں میں کے پی کے میں عمل نہیں کر سکے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور شہر میں 13جولائی کو عوام نے اپنے جذبات کا اظہار کر دیا ہے سارے ملک میں یہی صورتحال پائی جاتی ہے اور انشاءاللہ پولنگ ڈے ثابت کرے گا کہ اصل ملکی قیادت کونسی ہے، حمزہ شہباز نے کہا کہ وہ خود صوبے میں انتخابی مہم کی نگرانی کر رہے ہیں اور انشاء اللہ نتائج سیاسی دشمنوں کی آنکھیں کھول دیں گے۔ حمزہ شہباز نے لاہور میں جمعہ کے روز کی ریلی کے بعد جاں بحق ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے دیرینہ کارکن ندیم بٹ کی وفات پر ان کے گھر جا کر اظہار تعزیت اور مرحوم کی پارٹی کیلئے خدمات کو سراہا۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ کارکن ہی مسلم لیگ (ن) کااصل اثاثہ اور پارٹی کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور کارکنوں کو ان کا جائز مقام دینا ہی پارٹی پالیسی ہے۔
حمزہ شہباز

مزیدخبریں