انقرہ (این این آئی)تْرک ایوان صدر کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ہفتے کے روز صدر رجب طیب ا ر د گا ن نے اپنے روسی ہم منصب ولادی میر پوتین سے ٹیلیفون پر بات کی۔صدر ایردوآن نے روسی صدر کو خبردار کیا کہ اگر ادلب گورنری میں بشارالاسد کی فوج نے حملہ کیا تو شام میں لڑائی نہ کرنے سے متعلق روس کے ساتھ طے پایا معاہدہ ختم ہوجائے گا۔عرب ٹی وی کے مطابق ترک ایوان صدر کے ذریعے کا کہنا ہے کہ صدر طیب ار د گا ن نے کہا کہ درعا میں اسدی فوج کی بمباری اور بے گناہ شہریوں کا قتل عام باعث تشویش ہے۔ اگر اسد رجیم درعا میں جاری کارروائی کو ادلب میں بھی دہراتی ہے تو آستانا معاہدے کی روح کو نقصان پہنچے گا۔ادھر درعا سے ملنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ معاہدے کے بعد اپوزیشن فورسز نے بھاری ہتھیار اسدی فوج کے حوالے کر دیے ہیں جس کے بعد شہر پر شامی فوج کے مکمل کنٹرول کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔درعا میں کئی سال تک اپوزیشن کے زیر نگین رہنے والے علاقوں پر ایک بار پھر شام کا سرکاری پرچم لہرا دیا گیا ہے۔