سرینگر(اے این این‘ کے پی آئی )مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں نوجوان کی شہادت کیخلاف احتجاج جاری،متعدد افراد زخمی،شیلنگ سے دو خواتین بے ہوش ہوگئیں،وادی میں ہڑتال جاری رہی۔تفصیلات کے مطابق ترہگام میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے نوجوان دکاندار کی شہادت کیخلاف وادی میں چوتھے روز بھی ہڑتال اور احتجاج کا سلسلہ جاری رہا۔خالد غفار ملک کے آبائی گاؤں ترہگام اور کرالہ پورہ میں غیر اعلانیہ کرفیو رہا۔احتجاج اور ہڑتال کے باعث نظام زندگی تھم کر رہ گیا۔اس دوران کاروباری مراکز ،تجارتی ادارے ،دکانیں اور بازار بند رہے ۔ نوجوانو ں اور خواتین نے جلوس نکالنے کی کو شش کی تاہم فورسز نے انہیں منتشر کر نے کے لئے ٹیر گیس اور لاٹھی چارج کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی اور دو خواتین بے ہوش ہوگئیں۔دریں اثناء لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک کو 10 روز کے بعد رہا کردیا گیا ہے۔بھارتی فوج نے عسکری جدو جہد کو لا حاصل عمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہری ہلاکتوں کے سلسلے کو روکنے کیلئے تشدد کا خاتمہ ناگزیر ہے۔بارہمولہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے 15ویںکور کے کمانڈر لیفٹنٹ جنرل اے کے بھٹ نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو دور رہنا چاہئے جبکہ والدین پر یہ بھاری ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کوعسکریت پسندی سے دور رکھ کرمعمول کی زندگی گزار نے کیلئے قائل کریں ۔ان کا کہناتھا کہ عسکریت پسند کے مکمل خاتمے تک وادی کشمیر میں جنگجو مخالف آپریشنز جاری رہیں گے ۔ بھارت کے فوجی سربراہ جنرل بپن راوت نے صوبہ جموں میںپیرپنجال ریجن کے جنوبی علاقوں میں سکیورٹی صورتحال اورآپریشنل تیاریوں کاجائزہ لیا۔ ذرائع نے بتایاکہ آرمی چیف نے پاکستان میں انتخابات کے پیش نظر ویسٹرن فرنٹ کابھی دورہ کیااورسلامتی صورتحال کاجائزہ لیا۔بھارتی سپریم کورٹ نے 27 جنوری 2018 کو جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں بھارتی فوج کے ہاتھوں تین نہتے شہریوں کے قتل میں ملوث میجر آدیتیہ کمار کیخلاف پولیس کارروائی پر پابندی برقرار رکھی ہے ۔ شمالی کشمیر میں کشمیری نوجوان کو پراسرار طور پر قتل کر دیا گیا ہے ۔ کپواڑہ اور بانڈی پورہ جنگلات کے ایک وسیع حصے اورسوپورعلاقے کے براٹھ گاوں کو بھارتی فوج نے محاصرے میں لے لیا ہے۔ تلاشی کارروائی کے دوران بھارتی فوج ڈرون طیاروں کا ستعمال کررہی ہے ۔ چھاپہ مار کارروائیوں کے دوارن تین نوجوانوں کی گرفتاریاں عمل میں لا کر انہیں نا معلوم جگہ پر منتقل کیا ۔ پولیس وفورسز کارروائی کے خلاف لوگ سراپا احتجاج ہیں۔شمالی کشمیر کے کنزر ٹنگمرگ میں اتوار کی صبح مقامی لوگوں نے ایک شہری منصور احمد کی نعش ایک درخت کے لٹکی ہوئی پائی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس گ کے چیرمین سید علی گیلانی نے جنوبی ایشاء سمیت عالمی امن کے استحکام کے لیے ایک مضبوط پاکستان کو انتہائی اہمیت کا حامل ملک قرار دیتے ہوئے پاکستانی عوام اور ارباب اقتدار سے توقع ظاہر کی کہ وہ اپنے ملک کے خلاف ہورہی اندرونی اور بیرو نی سازشوں کو ناکام ونامراد بنانے کے لیے اپنی صفوں کو درست کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ حریت رہنما نے مستنگ بلوچستان میں شرپسند عناصر کی طرف سے تاحال 130معصوم شہریوں کو بے دردی کے ساتھ قتل کرنے اور سینکڑوں افراد کو شدید زخمی کئے جانے کی وحشیانہ کارروائی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کس قدر افسوس کا مقام ہے کہ پاکستان کے ازلی دشمنوں کے اشاروں پر حملہ آوور نہتے عوام کا خون پانی کی طرح بہانے میں شرم بھی محسوس نہیں کررہے۔ سرکاری سکولوں کے اساتذہ اپنے مطالبات کے حق میں منگل کے روز سری نگر میں شیر کشمیر پارک سے گورنر ہائوس تک مارچ کریں گے۔
مقبوضہ کشمیر: نوجوان کی نعش برآمد، بھارتی فوج کا کپواڑہ، بانڈی پورہ میں ڈرون کے ذریعے آپریشن
Jul 16, 2018