غربت کے خاتمے اورترقی کیلئے بین الاقوامی تعاون کی قرارداد

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے چین کی جانب سے ’’ترقی کا انسانی حقوق کے حصول میں کردار‘‘ کے عنوان سے پیش کی گئی قرارداد کی ایک بار پھر منظوری دے دی۔ پاکستان نے بھی اس قرداداد کی حمایت کی۔ قرارداد میں اس بات کا اعادہ کیا گیا ہے کہ جملہ انسانی حقوق کے حصول میں ترقی کا اہم کردار ہے۔ مختلف ممالک کو عوام کو مرکز بناتے ہوئے ترقی کرنی چاہیے اور عوام کیلئے ترقی کی قوت محرکہ تلاش کرنی چاہیے۔ ترقی اور غربت کے خاتمے کے حوالے سے بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔
اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ مہذب معاشرے میں انسانی حقوق کو انتہائی اہمیت دی جاتی ہے۔ان حقوق کیلئے کئی تنظیمیں‘ ادارے اور این جی اوز کام کرتی ہیں۔ کسی بھی ترقی کو فروغ دینے کیلئے عوام پر انحصار ہوتا ہے اور عوام اسی وقت ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں جب ریاست انکے حقوق کی پاسداری کرتے ہوئے انکے بنیادی حقوق کا تحفظ کرے اور ان کیلئے صحت‘ تعلیم اور روزگار کے مسائل پیدا نہ ہونے دے۔ غربت کے خاتمہ کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنا ریاست ہی کی ذمہ داری ہے ۔ جو ممالک جنگی جنون میں مبتلا ہو کر اسلحہ کی خریداری پر خطیر رقم خرچ کرتے ہیں‘ انہیں انسانی اقدار کی پاسداری پر قائل کیا جائے۔ ان میں بھارت سرفہرست ہے جو پاکستان کیخلاف جنگی جنون میں دنیا بھر سے اسلحہ خرید کر ڈھیر لگا چکا ہے۔ اسکی توجہ اپنے ملک میں غربت کے خاتمہ کی جانب مبذول کرانے کی ضرورت ہے۔ ایسے ممالک کے عزائم کے آگے بند باندھ کر ہی اس خطہ سے غربت کے خاتمے ‘ انسانی بھلائی اور معاشرتی ترقی کیلئے اقدامات کئے جاسکتے ہیں‘ اس کیلئے بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانا مختلف ممالک کے فرائض کی ترجیح ہونا چاہیے۔ چین کا یہ اچھا اقدام ہے جس نے غربت کے خاتمہ کیلئے اقوام عالم کے کردار کا ادراک کیا اور اقوام متحدہ میں قرارداد پیش کی۔اب اس قراردادپر عملی پیشرفت کی ضرورت ہے۔

ای پیپر دی نیشن