بجلی گیس کے کمرشل صنعتی کنکشن انکم ٹیکس گوشوارہ سے مشروط: شبر زیدی

Jul 16, 2019

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیئرمین ایف بی آر سید محمد شبر زیدی نے پاور ڈویژن سے کہا ہے کہ بجلی اور گیس کے کمرشل اور صنعتی کنکشن اس وقت تک نہ دیں جب تک درخواست گزار انکم ٹیکس کا گوشوارہ جمع نہیں کراتا ہے، منسٹری آف پاور کو مراسلہ لکھا ہے جس میں انہوں نے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 181AAپر عملدرآمد کے لئے تعاون کی درخواست کی ہے۔ سیکشن 181AAمتعلقہ اداروں کو پابند کرتا ہے کہ بجلی اور گیس کی کمرشل و انڈسٹریل کنکشن درخواستوں پر اس وقت تک عملدرآمد نہ کیا جائے جب تک کہ درخواست گزار انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کراتا۔ چیئرمین ایف بی آر نے مراسلے میں مزید لکھا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 2اگست 2019تک اس لئے توسیع کی گئی ہے تاکہ وہ افراد جنہوں نے ابھی تک کسی بھی وجہ سے ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرائے وہ اس توسیع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے ٹیکس گوشوارے جمع کرالیں۔ دریں اثناء شبر زیدی کا 17 فیصد سیلز ٹیکس کم کرنے اور شناختی کارڈ فراہم کرنے کی شرط ماننے سے صاف انکار، پروسیسنگ ملز اور پاور لومز انڈسٹری کی ہڑتال ختم نہ ہوسکی، صنعتی بحران شدید، لاکھوں مزدور بے روزگار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں پروسیسنگ ملز 17 فیصد سیلز ٹیکس اور شناختی کارڈ فراہم کرنے کی شرط پر 18 روز سے ہڑتال پر ہیں۔ جس سے ٹیکسٹائل سیکٹر کی پوری چین متاثر ہو رہی ہے۔ جبکہ 60 ہزار سے زائد پاور لومز یونٹ بھی بند پڑے ہیں۔ جس سے لاکھوں مزدور بے روزگار ہو چکے ہیں۔ فیصل آباد کے صنعتکاروں کے دس رکنی وفد اور فیصل آباد کے 4 ممبران قومی اسمبلی شیخ خرم شہزاد، فرخ حبیب، فیض اللہ کموکا اور رضا نصراللہ گھمن نے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ شبر زیدی نے مشاورت کیلئے مزید وقت مانگ لیا۔

مزیدخبریں