لاہور+ گوجرانوالہ + نوشہرہ ورکاں (سٹاف رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت رپورٹ) اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ لاہور نے میٹرک سالانہ امتحاناتکے تفصیلی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ امتحان میں 227221 طلبہ نے حصّہ لیا جب کہ 163026 نے امتحان میں کامیابی حاصل کی۔ اس طرح کامیابی کا تناسب 71.75فی صد رہا لاہور بورڈ کی جانب سے میٹرک کے امتحان مین نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں کے اعزاز میں خصوصی تقریب گذشتہ روزمقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ وزراء تعلیم راجہ یاسر ہمایوں سرفراز(ہائر ایجوکیشن) اور مراد راس(سیکنڈری ایجوکیشن)کی زیرِ صدارت منعقد ہونے والی تقریب میں چیئرمین لاہور بورڈ پروفیسر چودھری محمد اسماعیل، سیکرٹری ڈاکٹر ریحانہ الیاس، کنٹرولر (امتحانات) پروفیسر محمد ناصر جمیل، پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات، ان کے والدین، اساتذہ اور شُعبہ تعلیم سے وابستہ نمایاں شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ دونوں وزراء نے پوزیشن ہولڈر طالب علموں میں میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔ امیدواران کو پہلی، دوسری ،تیسری پوزیشن کے لئے تعریفی اسناد کے ساتھ ساتھ بالترتیب 20ہزار،15ہزار اور10ہزار روپے کے نقد انعامات اور سونے، چاندی اور کانسی کے میڈلز دئیے گئے۔ لاہور بورڈ کی جانب سے ان طالب علموں کے اساتذہ کو میڈلز سے نوازا گیا جب کہ مہمانِ خصوصی وزراء نے اوّل پوزیشن حاصل کرنے والے دانش اطہر کو لیپ ٹاپ بھی دیاچیئرمین لاہور بورڈ اور کنٹرولر امتحانات نے امتحانی نتائج کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی۔ دونوں وزراء نے اپنے صدارتی خطاب میں پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں کو مبارک باد دی۔گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ نے میٹرک سالانہ 2019 امتحانات کے نتائج کا باقاعدہ اعلان کر دیا، نتائج کے مطابق امتحان میں 2 لاکھ 16 ہزار 188 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ جن میں سے 164542 پاس اور 51646 طلبہ فیل ہوئے۔ کامیابی کا تناسب 76.11 فی صد رہا۔ نمایاں پوزیشن ہولڈرز میں انعامات کی تقسیم تقریب میں صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن چوہدری محمد اخلاق نے بورڈ ملازمین کی خدمات کے اعتراف میں ایک بنیادی تنخواہ بطور حسن کارکردگی الائونس دینے کا اعلان کیا۔میٹرک امتحان میں گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کے طلبہ نے میدان مار لیا، ضلع حافظ آباد کے طلبہ کوئی پوزیشن حاصل نہ کر سکے۔اعداد و شمار کے مطابق ضلع گوجرانوالہ کے طلبہ نے ٹاپ پوزیشن سمیت پانچ پوزیشنیں حاصل کیں۔سیالکوٹ کے طلبہ نے بھی بورڈ میں سیکنڈ پوزیشن سمیت پانچ پوزیشنیں لیں، گجرات کے حصہ میں دو تھرڈ پوزیشنز سمیت چار آئیں،نارووال کے طلبہ نے دو پوزیشنیں حاصل کیں۔تقریب کی صدارت چیئرمین بورڈ ڈاکٹر طارق محمود قاضی نے کی اس موقع پر سیکر ٹری بورڈ ڈاکٹر مختار احمد ،بورڈ کے دیگر افسران اور صحافی بھی موجود تھے ،چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ اس امتحان میں مجموعی طور پر 216188امیدواران شامل ہوئے جن میں سے 164542کامیاب قرار پائے اس طرح کامیاب امیدواران کی شرح تناسب 76.11فیصد رہا ، سائنس گروپ بوائز میں 73391امیدوارون شامل ہوئے جن میں سے 57404امیدواران کامیاب قرار پائے اور اسکی کامیابی کی شرح 78.21فیصد رہی، سائنس گروپ گرلز میں 70742امیدواران شامل امتحان ہوئے جن میں 61677امیدواران کامیاب قرار پائے اور انکی کامیابی کی شرح 87.18فیصد رہی ، اسی طرح ہیومینٹیز گروپ میں بالترتیب بوائز امیدواران 23216گرلز امیدواران 48184شامل امتحان ہوئے جن میں سے بوائز گروپ میں 11009امیدواران جبکہ گرلز میں سے 34077امیدواران کامیاب قرار پائے اس طرح انکی کامیابی کی شرح بالترتیب 47.41اور 70.72فیصد رہی ،واضح رہے کہ گوجرانوالہ بورڈ میں نارمل طلبہ کا رزلٹ 76 فی صد اور گونگے بہرے بچوں نے 96.84 فی صد سے کامیابی حاصل کی، تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ میں 158گونگے بہرے بچوں نے میٹرک کے امتحان میں شرکت کی جن میں سے 153 نے کامیابی 95 میل میں سے 90 اور 63 فی میل میں سے سب نے کامیابی حاصل کی ،مجموعی طور پر 22 نے اے پلس گریڈ، 47 نے اے ،64 نے بی، 16 نے سی اور 4 نے ڈی گریڈ میں کامیابی حاصل کی ، لیکن بورڈ کی تقریب میں ان طلبہ ذکر نہیں کیا گیا گوجرانوالہ بورڈ کے آرٹس گروپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنیوالا گورنمنٹ ہائی سکول ڈسکہ کا طالب علم حمزہ وارث مستقبل میں جج بننا چاہتا ہے اس کا والد ٹیلر ماسٹر ہے۔ میٹرک میں پوزیشن ہولڈرز طلبہ کی اکثریت نے کرپشن مہنگائی اور جہالت کو ملک کا بڑا مسئہل قرار دیا ہے۔ میٹرک میں ٹاپ پوزیشن ہولڈرز کی اکثریت ڈاکٹر بن کر دکھی انسانیت کی خدمت کرنے کا عزم رکھتی ہے۔ صو بائی وزیر سپیشل ایجو کیشن پنجاب چودھری محمد اخلاق نے کہا ہے کہ ذہین اور ہونہار طلباء و طالبات ہمارا قیمتی اثاثہ اورمستقبل ہیںان خیالات کا ا ظہار انہو ں نے گوجر انوالہ تعلیمی بورڈ کے سالانہ سیکنڈری سکول سرٹیفیکٹ سالانہ امتحان 2019 کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ، ترجمان حکومت پنجاب عثمان سعید بسراء ، چیئرمین تعلیمی بورڈ ڈاکٹر طار ق محمود قاضی ، ڈائر یکٹر کالجز خلیل زبیر، کنٹرولر امتحانا ت پروفیسر ناصر محمود اعوان، سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر مختار احمد، ڈویژن کے تمام اضلاع کے سی ای اوز ایجو کیشن ،ڈی ای اوز ایجوکیشن، سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے پرنسپلز ، اساتذہ کرام ،والدین اور پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات کے علاوہ تعلیمی بورڈ کے دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے صو بائی وزیر سپیشل ایجو کیشن پنجاب چودھری محمداخلاق نے کہاکہ حکومت پنجاب بہت جلد نئی تعلیمی ریفارمز لا رہی ہے جس طرح اساتذہ کی ٹرانسفر کی ای ٹرانسفر آن لائن پالیسی وضع کی گئی ا سی طرح پنشن کے معاملات کو بھی بہت جلد آن لائن کر دیاجائے گا- جس سے محکمہ میں کرپشن کا خاتمہ ہو گا اور ریٹائرڈ ملازمین کو بر وقت پنشن کی فراہمی ممکن بنائي جائے گی- نوشہرہ ورکاں سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ میٹرک کے امتحانات کے زیر اہتمام نوشہرہ ورکاں کے الائیڈ سکول کی لائبہ ایمان نے 1056 ماڈرن مثالی سکول کے علی انتصار نے 1049 دی ایجوکیٹر کی عائشہ طارق نے 1031 دی سکالرز سکول کی عائشہ مظفر زیدی نے 1028 گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نمبر 1 کے ابوسفیان نے 1025 یونیک سائنس ماڈل سکول کے عبداللہ نے 1015 اور گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نمبر 2 کے طلحہ عاطف لکھویرا نے 1002 نمبر حاصل کر کے امتیازی حیثیت سے امتحان پاس کیا ہے۔