لاہور (ویب ڈیسک)پریس کانفرنس میں جب انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن سے پوچھا گیا کہ آیا آئرش خوش قسمتی ان کے لیے جیت کی نوید لائی تو انہوں نے کہا کہ 'اللہ بھی ہمارے ساتھ تھا۔'مورگن نے بتایا کہ جب انہوں نے عادل رشید سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ 'یقیناً اللہ ہمارے ساتھ ہے۔'اس کے ساتھ ہی انہوں نے انگلینڈ کی ٹیم کے تنوع اور اس کی خوبصورتی کے سر اس جیت سہرا باندھتے ہوئے کہا کہ 'اس میں سبز رنگ کا عنصر بھی شامل ہے۔اس ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی ٹیم سے زیادہ تنوع کسی دوسری ٹیم میں نہیں تھا۔انگلینڈ کی ٹیم میں کپتان مورگن سمیت سات کھلاڑی ایسے ہیں جن کی جڑیں انگلینڈ میں نہیں ہیں۔ انگلینڈ کی جیت میں کلیدی کردار ادا کرنے والے بین سٹوکس کی پیدائش اسی ملک یعنی نیوزی لینڈ کی ہے جس کے خلاف وہ فتح گر ثابت ہوئے۔سٹوکس نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں پیدا ہوئے تھے جبکہ ان کے والد جیرالڈ سٹوکس نے رگبی لیگ میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی تھی۔ سٹوکس کے علاوہ انگلش ٹیم کا ایک اور کھلاڑی جو اس ورلڈ کپ میں اپنی دھواں دھار بلے بازی کے لیے جانا جاتا رہا وہ اوپنر جیسن رائے تھے۔دلچسپ امر یہ ہے کہ جیسن رائے کی جائے پیدائش بھی انگلینڈ نہیں ہے۔ وہ دراصل جنوبی افریقہ میں پیدا ہوئے تھے۔