لندن( آن لائن )ورلڈ کپ 2019کے سنسنی خیز اختتام کے بعد اب انکشاف ہوا ہے کہ میچ کے آخری اوور میں مارٹن گپٹل کی تھرو پر انگلینڈ کی ٹیم کو6کی بجائے5رنز ملنے چاہیے تھے۔آئی سی سی ورلڈ کپ کے سنسنی خیز فائنل میں آخری اوور کی چوتھی گیند میں پر انگلینڈ کو اوور تھرو کے 4 رنز اضافی ملے جس نے انگلش ٹیم کی فتح میں سب سے اہم کردار ادا کیا۔انگلش آل رانڈر بین سٹوکس نے آخری اوور کی چوتھی گیند کو ڈیپ مڈ وکٹ کی جانب کھیلا اور2 رنز بنانے کے لیے دوڑ پڑے، دوسرے رن کے لیے واپسی کرتے ہوئے انہوں نے وکٹ بچانے کے لیے ڈائیو لگائی تو فیلڈر کی جانب سے پھینکی گئی تھرو ان کے بلے سے ٹکرا کر تھرڈ مین بانڈری پار کر گئی اور اس طرح انگلینڈ کو 2 کی جگہ اضافی 4 رنز کے ساتھ مجموعی طور پر 6 رنز کا تحفہ مل گیا۔اگلی 2 گیندوں پر انگلینڈ کو فتح کے لیے 3 رنز درکار تھے لیکن سٹوکس کوشش کے باوجود وہ صرف 2 رنز ہی بنا سکے اور میچ ٹائی ہو گیا۔آئی سی سی کے قانون 19.8کے مطابق اگر فیلڈر کی جانب سے جان بوجھ کر یا ویسے پھینکی گئی تھرو بانڈری کے پار چلی جائے تو بیٹنگ سائیڈ کو اس بانڈری کے ساتھ اتنے ہی رن ملنے چاہیئے جو اس نے مکمل کیے ہوں۔ری پلیز میں یہ واضح نظر آرہا تھا کہ جب تھرو بین سٹوکس کے بلے سے ٹکرائی تو وہ کریز میں نہیں پہنچے تھے۔سابق آسٹریلین امپائر سائن ٹافل کا بھی کہنا تھا کہ انگلش ٹیم کو6کی بجائے 5رنز ملنے چاہیے تھے اور یہ امپائرز کی جانب سے کی گئی غلطی تھی۔