کراچی(نیوز رپورٹر) ادارہ تبلیغ و تعلیمات اسلامی کے سربراہ جعفریہ الائنس کے سپریم کونسل کے رکن علامہ محمد عون نقوی نے علی کونسل پاکستان کے تحت منعقدہ تعزیتی اجتماع و مجلس وترحیم سے خطاب کرتے ہوئے جامع مسجد یثرب گلشن اقبال میں کہا کہ ڈاکٹر علامہ عباس کمیلی مرحوم دین اسلام کے مبلغ تھے۔ جنہوں نے نہ صرف پاکستان بلکہ امریکہ‘ یورپ اور دیگر ممالک میں بھی اسلام کے حقیقی چہرے کو پیش کیا اور غیر مسلموں کو اسلام کی طرف راغب کیا۔ آپ محب وطن اور اتحاد بین المسلمین کے داعی تھے۔ آپ نے سینیٹر کی حیثیت سے بھی ہر فورم پر اتحاد امت کی بات کی۔ ڈاکٹر علی عباس زیدی نے کہا کہ آپ نے بین المذاہب فورم پر انسانیت کا درس دیا۔۔ علامہ نثار قلندری نے کہا کہ ملکی و بین الاقوامی امور پر آپ کی گہری نظر تھی۔شبر رضا نے کہا کہ علامہ عباس کمیلی قوم کا درد رکھنے والے عظیم مجاہد تھے۔ علی کونسل کے چیئرمین حکیم محمد احمد زیدی نے کہا کہ آپ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اس موقع پر علامہ عباس کمیلی کے فرزند قاسم کمیلی اور یاور کمیلی جبکہ سہیل شاہ‘ علامہ عباس مہدی‘ سکندر زیدی‘ مولانا علی محمد شگری‘ نازش رضا اور فخر شاہ نے خصوصی شرکت کی۔