اسلام آباد ہائیکورٹ ، وزیراعظم کے 15 معاونین خصوصی کی تعیناتی معاملے پر سماعت اگست کے دوسرے ہفتے تک ملتوی

Jul 16, 2020

اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ میں وزیراعظم کے 15 معاونین خصوصی کی تعیناتی معاملے پر سماعت اگست کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کر دی گئی ۔بدھ کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں وزیراعظم کے 15 معاونین خصوصی کی تعیناتی معاملے پر سماعت ڈویژن بنچ پر مشتمل جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگ نے کی۔وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمود عدالت میں پیش ہوئے جبکہ نیب کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی عدالت میں پیش ہوئے ۔ وکیل درخواست گزار ڈاکٹر جی ایم چودہدری کے مطابق معاونین خصوصی وفاقی اور وزیر مملکت کے برابر اختیار استعمال کر رہے ہیں۔ وکیل درخواست گزار نے کہاکہ وزیر اعظم آفس سے جواب طلب کیا جائے۔ ڈاکٹر جی ایم چوہدری نے کہاکہ معاونین خصوصی کو کام سے روکنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔ وکیل درخواست گزار ڈاکٹر جی ایم چوہدری نے کہاکہ بی اے کی تعلیم والے کو معاون خصوصی تعینات کیا گیا ہے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمود نے کہاکہ ابھی تک کچھ فریقین نے جواب عدالت میں جمع نہیں کرایا۔ جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ چوتھی اور آخری بار نوٹس جاری کر رہا ہوں۔ عدالتی حکم میں کہاگیا آئندہ سماعت میں اگر کسی نے جواب ہائیکورٹ میں جمع نہیں کرایا تو یکطرفہ کارروائی کی جائے گی۔بعد ازاں عدالت نے سماعت اگست کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں