کراچی (صباح نیوز)امریکی صحافی ڈینیئل پرل قتل کیس کے چاروں ملزمان کی نظر بندی میں 3 ماہ کی توسیع کر دی گئی۔اس ضمن میں محکمہ داخلہ سندھ نے چاروں ملزمان کی نظر بندی میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ڈینیئل پرل قتل کیس میں بری چاروں ملزمان مزید 3ماہ نظر بند رہیں گے۔ملزمان میں احمد عمر سعید، فہد نسیم، سلمان ثاقب اور شیخ محمد شامل ہیں۔چاروں ملزمان کو انسدادِ دہشت ایکٹ کی دفعہ 11 ٹرپل ای کے تحت نظر بند رکھا گیا ہے۔محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملزمان کو رہا کر دیا گیا تو وہ پھر سے دہشت گردی کا نیٹ ورک بنا سکتے ہیں۔واضح رہے کہ سندھ ہا یی کورٹ نے امریکی صحافی ڈینیئل پرل کے قتل کیس میں چاروں ملزمان کی سزاوں کو کالعدم قرار دیا تھا۔جنوری 2002 میں وال اسٹریٹ جرنل کے صحافی ڈینیئل پرل کراچی میں اغوا ہو گئے تھے۔فروری 2002 میں امریکی سفارت کاروں کو ایک ویڈیو ٹیپ ملی تھی جس سے تصدیق ہوگئی تھی کہ 38 سالہ ڈینیئل پرل کو قتل کیا جا چکا ہے، دہشت نے ان کا سرقلم کر دیا تھا۔
ڈینیئل پرل کیس: ملزموں کی نظر بندی میں 3 ماہ توسیع
Jul 16, 2020