فضل الرحمن سے ٹیلی فونک رابطہ، حکومتی کرپشن پر سوال اٹھائے: عمران نے کوئی جواب نہیں دیا: بلاول

Jul 16, 2020

اسلام آباد/ لاہور (نمائندہ خصوصی/ نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملکی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے بجٹ کے بعد کی بدتر معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ میں نے حکومتی کرپشن پر سوال اٹھائے مگر عمران خان نے کوئی جواب نہیں دیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بھی کہا ہے کہ آج تیسرا دن ہوگیا، پی ٹی آئی نے اپنی کرپشن کے حوالے سے میری پریس کانفرنس میں اٹھائے گئے سوالات کا جواب نہیں دیاہے۔ عمران خان اور اس کے وزیروں کے فرنٹ مین خیبرپی کے بی آر ٹی منصوبے میں ہونے والی کرپشن میں ملوث ہیں۔ عمران خان اور اس کے فرنٹ مین کے الیکٹرک کی کرپشن کو تحفظ فراہم کررہے ہیں۔ میں نے اپنی پریس کانفرنس میں ابراج گروپ کے حوالے سے ایف آئی اے کی رپورٹ دکھائی مگر اس کا کوئی جواب نہ ملا۔ میں نے اپنی پریس کانفرنس میں عمران خان کی بہن کی کرپشن کا معاملہ اٹھایا مگر کوئی جواب نہیں ملا۔ پی ٹی آئی کی کرپشن کے حوالے سے میں نے سوال اٹھائے مگر نیب اور عدالتیں چپ ہیں، پی ٹی آئی بھی خاموش ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے ابھی تک میرے کسی بھی چیلنج کو قبول نہیں کیا۔ بلاول نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پی ٹی آئی کی ناکامیوں پر ایک پریس کانفرنس کی تھی جس میں مسئلہ کشمیر، معیشت اور کرونا وائرس کے حوالے سے حکومت کی نااہلیوں اور پی ٹی آئی کی کرپشن کے معاملے کو اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے عمران خان کو پہلا چیلنج یہ کیا تھا کہ وہ قومی اسمبلی یا ٹی وی پر مناظرہ کر لیں، دوسرا چیلنج یہ کیا تھا کہ وہ این آئی سی وی ڈی طرز کا ایک ہسپتال پورے پاکستان میں دکھا دیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ تیسرا چیلنج یہ کیا کہ وہ خیبرپی کے اور پنجاب میں فی کس ٹیسٹنگ کا موازنہ سندھ سے کروا دیں۔ لیکن عمران خان نے ابھی تک میرے کسی بھی چیلنج کو قبول نہیں کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کی جانیں بچانے کیلئے پی ٹی آئی پالیسی والے ڈاکٹر عملے اور عوام نے حکومت کی جانب دیکھنا چھوڑ دیا ہے۔ کرونا پر قابو کا حل اور عزم پیپلز پارٹی کے پاس ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبر پی کے میں کرونا وائرس کے باعث شہید ہونے والے دو ڈاکٹرز کی شہادت پر اظہارِ افسوس کیا ہے ، پی پی پی چیئرمین نے ڈاکٹر سبطین اور ڈاکٹر سیف کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا ،بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ڈاکٹر سبطین اور ڈاکٹر سیف جیسے مسیحائوں کی جانیں بچانے کے لیئے پی ٹی آئِی حکومت پالیسی تبدیل کرے خیبرپختونخواہ سے تاحال ڈاکٹرز کو حفاظتی سامان فراہم نہ کرنے کی شکایات سامنے آرہی ہیں مہلک وباء کے دوران اب ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے اور عوام نے حکومت کی جانب دیکھنا چھوڑ دیا ہے۔ کرونا وائرس کو کنٹرول کرنے کا حل اور عزم فقط پیپلز پارٹی کے پاس ہے۔

مزیدخبریں