اسد عمر کی جولائی کے اختتام تک 2 ہزار آکسیجن بیڈز بڑھانے کی یقین دہانی

Jul 16, 2020

اسلام آ باد (وقائع نگار خصوصی) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اور وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کو جولائی کے اختتام تک ملک بھر میں 2 ہزار آکسیجن بیڈز کا اضافہ یقینی بنانا ہے۔ ملک میں کرونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے وینٹی لیٹرز اور بستروں کی قلت ہو گئی ہے جب کہ کچھہ ہسپتال کے کرونا وارڈ کے علاوہ دیگر وارڈز بھی کرونا کے مریضوں سے بھر چکے ہیں۔ اس حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ جون میں فیصلہ کیا گیا تھا کے ملک میں ہنگامی بنیاد پر اسپتالوں میں جولائی کے اختتام تک وفاق نے 2000 آکسیجن بیڈز بڑھانے ہیں۔ اسد عمر نے بتایا کہ آج تک 1825 بیڈز کا اضافہ ہو گیا ہے جس میں سے اسلام آباد میں 550، پنجاب 480، سندھ 125، خیبر پختونخواہ 390، بلوچستان 150، گلگت بلتستان 40 اور آزاد کشمیر میں 90 بیڈز کا اضافہ ہوا۔

مزیدخبریں