ملتان (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے جنرل سیکرٹری سردار اویس خان لغاری نے کہا ہے کہ صوبہ جنوبی پنجاب الگ چاہیے اور بہاولپور میں ریفرنڈم کرا لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے بغیر سیکرٹریٹ کو مسترد کرتے ہیں۔ اس وقت بھی وزیر اعلی پنجاب کے لیے انٹرویو کیے جا رہے ہیں۔ اویس لغاری کا کہنا تھا کہ اگر وزیر اعلی کے لیے آزادانہ ووٹنگ ہوئی تو پی ٹی آئی کے بیشتر اراکین اسمبلی مسلم لیگ ن کے امیدوار کو ووٹ دیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف نے ملکی اداروں کو تباہ کر دیا ہے۔ ملک کے کسان اس وقت معاشی بدحالی کا شکار ہیں۔ آٹا ، گھی ، چینی سمیت دیگر اشیا خوردو نوش کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کو اذیت میں مبتلا کر دیا گیا ہے۔ حالات سے لگ رہا ہے کہ اپوزیشن حکمرانوں کو نکالے یا نہیں عوام ان کو ایوانوں سے باہر نکال دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں اس وقت جعلی بھیج کی سپلائی کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ز ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔ اویس لغاری نے کہا کہ شوگر ملز مالکان کو اربوں روپے کی سبسڈی دی گئی لیکن کسان کو بدحال کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نیازی ملک کے اندر روزانہ ایک نیا ایشو کھڑا کر دیتا ہے۔ کسان کو صحیح معنوں میں معاشی طور پر اڑا کر رکھ دیا گیا ہے۔ موجودہ دور میں جاری حالات ملک کی عوام کے اندر شدید بے چینی پیدا کر رہے ہیں ہے۔ عمران خان نیازی نے ہر ادارے کو تباہ کر دیا ہے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ دو تہائی اکثریت ہونے کے باوجود مسلم لیگ ن نے الگ صوبہ نہ بنا کر بڑی غلطی کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن قومی اسمبلی اور پارلیمنٹ میں ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں الگ صوبہ چاہیے جس کا خواب پی ٹی آئی نے الیکشن میں دکھایا تھا۔سابق وفاقی وزیر سید جاوید علی شاہ اور اور مسلم لیگ ن کے ایم این اے عبدالرحمن کانجو نے پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کے لیے گورباچوف بن کر آئے ہیں۔ یہ بھی اچھا ہوا کہ پی ٹی آئی کو کو حکومت کا موقع مل گیا اور ان کی کارکردگی کا پول عوام کے سامنے کھل گیا۔ عوام جان چکے ہیں کہ پی ٹی آئی کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ڈیزائن کرنے والے بھی سوچ رہے ہوں گے کہ جس کام کے لیے لائے تھے نیازی اس میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر جب بھی جینوئن طریقے سے حکومت بنی تو وہ مسلم لیگ ن کی حکومت ہوگی۔ لیگی رہنماؤں نے مزید کہا کہ جعلی لائسنس والے والے پائلٹوں کے باعث بیرونی دنیا پی آئی اے پر پابندی لگا رہی ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ ملکی ٹائی ٹینک کو ڈبو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آکر الگ جنوبی پنجاب اور بہاولپور کی بحالی کا وعدہ پورا کریں گے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے آنے والے سال میں پاکستان کا بیرونی ممالک سے آنے والے زرمبادلہ میں کمی ہو جائے گی۔ پریس کانفرنس میں مسلم لیگ ن کے سابق اراکین اسمبلی ، ضلعی عہدیداران اور لیگی رہنماؤں کی کثیر تعداد موجود تھی۔