کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ جلد بحال ہوگا: ڈی ایس ریلویز

کراچی(خبر نگار)ڈی ایس ریلویز کراچی ارشد سلام خٹک نے کہا کہ سپریم کورٹ کے کے سی آر بحالی منصوبے کے احکامات کے پیش نظر یہ منصوبہ اب محکمہ ریلویز کی اہم ترین ترجیحات میں شامل ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کے سی آر بحالی کے بعد جدید ایم آر ٹی کی طرز پر ایک شاہ کار منصوبہ ہوگا۔ وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام میں اس منصوبے کی بحالی کے لیئے 1.8 ارب روپے رکھے ہیں اور ٹریک کی بحالی کا کام پاکستان ریلویز نے شروع بھی کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کے سی آر بحالی منصوبے کے مختلف کاموں کے ٹینڈر جاری کردیئے گئے ہیں جو رواں مہینے کی 23 تاریخ کو کھلیں گے۔ انسداد تجاوزات آپریشن کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب کہیں یہ آپریشن کرنے کی ضرورت نہیں اور سندھ حکومت پاکستان ریلویز کے ساتھ کے سی آر بحالی منصوبے پر مکمل ہم آہنگی میں ہے۔کے سی آر بحالی منصوبے کو دو مرحلوں میں مکمل کیا جائیگا۔ پہلے مرحلے میں آئندہ تین ماہ کے اندر سٹی سے اورنگی تک ہر گھنٹے میں دو ٹرینیں چلائی جائیں گی جب کہ دوسرے مرحلے میں پورے ٹریک کو آپریشنل کیا جائیگا۔

ای پیپر دی نیشن