محمد حفیظ اپنے9 ویں دورہ انگلینڈ کو یاد گار بنانے کیلئے پر عزم 

Jul 16, 2021

نوٹنگھم(آئی این پی)قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑی اور تجربہ کار مڈل آرڈر بیٹسمین محمد حفیظ اپنے 18سالہ کرکٹ کیرئیر میں نویں دورہ انگلینڈ کو یادگار بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔انگلینڈ کے میدانوں کا حفیظ کے کرکٹ کیرئیر میں ایک اہم کردار ہے، انہوں نے انگلینڈ میں اپنا پہلا میچ2003میں کھیلا تھا، اس دوران انہوں نے میزبان ٹیم کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 69رنز کی اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ ایک وکٹ بھی حاصل کی تھی۔حفیظنیٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنے بین الاقوامی کرکٹ کیرئیر کا آغاز بھی اسی سرزمین سے کیا، 28اگست 2006کو پاکستان اور انگلینڈ کے مابین برسٹل میں کھیلا جانے والا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ ان کا اور پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ تھا، وہ اس میچ میں 46رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔محمد حفیظ مجموعی طور پر18 سالوں میں انگلینڈ میں 41انٹرنیشنل میچز میں 32اعشاریہ 17کی اوسط سے 1255رنز بناچکے ہیں۔تجربہ کار بیٹسمین محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ اوے ٹورز پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا کسی بھی ٹیم کے بہتر ٹیم کہلانے کا ثبوت ہوتا ہے، بلاشبہ جیت جیت ہوتی ہے چاہے وہ ہوم سیریز میں حاصل ہو مگر اوے ٹورز پر نمایاں کارکردگی کسی بھی ٹیم کی میگا ایونٹ کی تیاریوں میں بہت معاونت کرتی ہے۔

مزیدخبریں