اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ندیم رضا کا کہنا ہے کہ علاقائی، عالمی سٹریٹجک وسکیورٹی صورتحال میں ٹیکنالوجی میں جدت ضروری ہے، ریسرچ اورڈویلپمنٹ میں شراکت داری سے خود انحصاری ممکن ہوسکتی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جنرل ندیم رضا نے(ہیوی انڈسٹریزٹیکسلا) ایچ آئی ٹی کی گولڈن جوبلی کی تقریب میں شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا اور اعلیٰ فوجی حکام و ریٹائرڈ فوجی افسران سمیت یوکرائن کے سفیر اور چینی ڈیفنس اتاشی بھی شریک ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق چئیرمین ایچ آئی ٹی میجر جنرل سید عامر رضا نے ادارے کی کامیابیوں اور کارکردگی پر روشنی ڈالی، جنرل ندیم رضانے ایچ آئی ٹی اوردیگرکمپنیوں کی کامیابیوں کی تعریف کی۔اس موقع پر جنرل ندیم رضا نے کہا کہ ایچ آئی ٹی افسران،ہنر مند افرادی قوت دفاعی پیداوار شعبے میں محنت کررہی ہے، علاقائی،عالمی سٹریٹجک وسکیورٹی صورتحال میں ٹیکنالوجی میں جدت ضروری ہے، ریسرچ اور ڈویلپمنٹ میں شراکت داری سے خود انحصاری ممکن ہوسکتی ہے۔جنرل ندیم رضا نے آرمی کی سیکنڈ رجمنٹ کے کمانڈنگ آفیسر کو الخالدون ٹینک کا اسکرول دیا، تقریب کے دوران یوکرین،چین،ایچ آئی ٹی کی کمپنیوں کیدرمیان ایم اویوپر دستخط بھی کئے گئے۔