اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ داسو واقعہ کی ابتدائی تحقیقات میں دھماکہ خیز مواد کے آثار کی تصدیق ہو گئی ہے۔ دہشت گردی کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اس حادثے میں ہونے والی تمام پیش رفت کا خود جائزہ لے رہے ہیں۔ اس ضمن میں حکومت چینی سفارت خانہ سے قریبی رابطے میں ہے۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہم مل کر دہشت گردی کی لعنت سے نمٹنے کے لئے پرعزم ہیں۔ علاوہ ازیں پاکستان نے افغانستان مسئلے پر خصوصی کانفرنس کا اعلان کر دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان افغانستان مسئلے پر ایک خصوصی کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔ افغانستان کے مسائل کے حل کی نئی امید جاگے گی۔ کانفرنس کی تفصیلات جلد سامنے لائی جائیں گی۔