ملتان‘ مظفرگڑھ ‘ وہاڑی‘ خانیوال (نیوز رپورٹر‘ نمائندوں سے) پاکستان ڈرگسٹ اینڈ کیمسٹ ایسوسی ایشن ،آل پاکستان ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن اور ہول سیل کیمسٹ کونسل کی جانب سے سے ایڈوانس ٹیکس کے خلاف جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں ہڑتال کی گئی۔ ہول سیل کیمسٹ اور ڈسٹری بیوٹرز پر نافذ ہونے والے ایڈوانس ٹیکس کے مطابق ہر ڈسٹر ی بیوٹر ہول سیلر سے تمام ادویات کی خریداری پر ایک فیصد ٹیکس وصول کرے گا جبکہ فائلر سے 0.5 فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ ملتان میں ہڑتال کی کال پر مکمل عمل درآمد نہ ہوسکا۔جزوی ہڑتال کے باعث شہر اور گردونواح میں میڈیکل سٹورز اور فارمیسیز کھلی رہیں اور کاروبار جاری رہا۔ جبکہ گھنٹہ گھر ہول سیل میڈیسن مارکیٹ مکمل بند رہی ۔ نشتر رو ڈ ، کینٹ ، گلگشت، گلشن مارکیٹ میں واقع تمام میڈیکل سٹورز اور فارمیسیز کھلی رہیں صرف گھنٹہ گھر کے ہول سیلرز اور کیمسٹوں کی جانب سے شڑڈاون ہڑتال اور مظاہرہ کیا گیا۔ آل ملتان فارماآرگنائزیشن کی جانب سے ایڈوانس ٹیکس کے خلاف سلمان خان صدر،فیصل رحمن جنرل سیکرٹری ہول سیل کیمیسٹ کونسل نے احتجاجی مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے ادوایات پر لگایا جانے والا ایڈوانس ٹیکس ہمارا معاشی قتل ہے۔ نت نئے ٹیکس لگانا ظلم ہے خدا کے لیے ہم سے جینے کا حق نہ چھینا جائے پہلے ہی ہمارے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں احتجاجی مظاہرہ میں علی حسین صدیقی،ماجد گل وحید بھٹہ، اعجاز صدیقی، جاوید حنیف، حبیب سنگھیڑا و دیگر شریک تھے۔ دریں اثنا پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کے ڈویژنل چیئرمین محمد اختر بٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ ہمارے کیمسٹوں میں چند نادان دوستوں نے آپس میں اختلافات کی وجہ سے ٹریڈ رزکے مفاد کو نقصان پہنچایا ہمیں ذاتی مفادات پر اجتماعی معاملات کو ترجیح دینی چاہئیے۔ میری تمام دوستوں سے اپیل ہے اپنی بقا کی جنگ میں اختلاف کو بھلا دیں اور یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متحد ہو کر ثابت کریں کہ ھم اپنے ٹریڈ کیساتھ مخلص ہیں اور اگر پھر ہڑتال کرنے کی ضرورت پڑی تو بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کریں ۔مظفرگڑھ میں کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کے صدر سید امیر حسن،راشد علی قریشی،طارق خالد،قمرالزمان بھٹہ،فیصل محمود،ظفر اقبال ملک ودیگر نے احتجاج کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ظالمانہ ٹیکس واپس نہ لیاگیا تو میڈیکل سٹور مکمل بندکردینگے اور ظالمانہ ٹیکس کی واپسی تک احتجاجاً بند رکھیں گے۔اس موقع پر فضیل صدیقی،اسلم خانزادہ، حنیف ندیم سیال،مظہر علی خان،فرحان احمد،عبداللہ چانڈیہ،دانش سبحان، عبدالباسط،صلاح الدین،مہر عبدالستار،عامر بورانہ،مہتاب احمد،آصف البدرانی،ملک شاہد،سعد انصاری،عدنان،زمان بھٹہ،اعجازشاہ ودیگرنے اپنے بھرپورتعاون کا یقین دلایا۔خانیوال میںمیڈیکل اسٹورز کے مالکان نے مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی۔کچہری بازار میں احتجاجی کیمپ لگایا گیا جہاں کیمسٹ ایسوسی ایشن کے صدر شیخ کامران،سرپرست چوھدری طاھر اور دیگر عہدیداروں نے کہا کہ مطالبات جلد منظور کئے جائیں اور فی الفور ایڈوانس ٹیکس ختم کیا جائے۔وہاڑی میں جزوی ہڑتال کی گئی جبکہ بلدیہ ہال کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور ریلی بھی نکالی گئی جس کی قیادت صدر کیمسٹ ایسوسی ایشن عماد حشمت کر رہے تھے جبکہ احتجاجی مظاہرہ میں چئیرمن ڈاکٹر محمد عرفان، جنرل سیکرٹری رائے ندیم حسن، ڈاکٹر رمضان، چوہدری شاہد، چوہدری زمان علی سمیت بیسیوں تاجروں نے شرکت کی۔ ٹبہ سلطان پور میں میڈیکل سٹور مالکان نے ہڑتال کی اور یونین کے عہدیداران چوہدری عبد الرزاق اور چوہدری محمد اشرف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈرگ سیل لائسنس تجدید نہیں کیے جا رہے ۔ ٹیکسوں کا فیصلہ ظالمانہ ہے۔ اس موقع پر یونین عہدیداران چوہدری عبد الرزاق گجر چوہدری محمد اشرف اور دیگر میڈیکل سٹور مالکان موجود تھے۔ کیمسٹ اینڈڈرگسٹ ایسوسی ایشن میاں چنوں کا اجلاس ‘ افتخارالحسن چودھری چیئرمین اور چوہدری ممتاز احمد صدر کیمسٹ ایسوسی میاں چنوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک عرصہ سے مخصوص مافیا نے اس شعبہ کو تباہ کیا ہے۔ حکومت کو اصل مسائل سے توجہ دور رکھنے کے لیے عجیب قانون بنائے جا رہے ہیں۔ جلال پورپیروالہ میںمیڈیکل سٹورزمالکان نے مکمل شٹرڈائون ہڑتال کی۔پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگیسٹ ایسوسی ایشن کے صدر قاضی محمدندیم قریشی، جنرل سیکرٹری محمدقاسم،سیکرٹری اطلاعات ماجد علی،سیکرٹری فنانس خواجہ اعجاز ودیگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ فارماٹریڈ اس وقت ہر طرف سے زوال پذیر ہے۔ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کیا گیا۔ حکومتی اور محکمانہ پالیسیوںنے کاروبار تباہ کردیئے ہیں۔ کبیروالا میں بھی ہڑتال کی گئی، سٹوروں کی مکمل طورپر بند ش سے مریض پریشان رہے۔ کیمسٹ اینڈڈر گسٹ ایسوسی ایشن کے سر پرست میاں ظفر اللہ آرائیں، صدر شہباز حیدر، جنرل سیکرٹری مرزا احتشام بیگ ، ڈاکٹر محبوب احمد،رائو محمد آصف عبا س، چوہدری سخاوت علی،رائو عبدالصمد خان،ملک فیاض احمد، رائو توفیق دیگر راہنمائوں نے میڈیا کو بتایا کہ ایڈوانس ٹیکس کے نفاذکا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو19جولائی سے غیر معینہ مد ت تک ہڑتال کرتے میڈیکل اسٹورز بند کردئیے جائیں گے ۔ دنیاپور میں بھی میڈیکل سٹورز بند رہے جس کی وجہ سے مریضوں کو ادویات کی خریداری میں شدید دشواری کا سامنا رہا ادھر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور اراکین کی جانب سے صدر حاجی اعظم اور اللہ دتہ پنوار کی قیادت میں کاظمی چوک میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔ سنانواں شہر میں مکمل طور پر پر شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی۔کیمسٹ یونین کا ہنگامی اجلاس زیر صدارت طارق محمود کور آئی اور جنرل سیکٹری عبدالرزاق کے منعقد ہوا جس میں ٹیکس کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کی گیا۔ کہروڑپکا میں کیمسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے تمام کیمسٹ اورمیڈیکل سٹور مالکان نے صدر مہر محمودالحسن کی سرپرستی میں شٹر ڈائون ہڑتال کی اورکتبے اٹھا کر احتجاج کیا ۔ مخدوم پور پہوڑاں، دھنوٹ اور کچا کھوہ میںبھی میڈیکل سٹورز بند رہے جس سے شہریوں کو ادویہ کے حصول کیلئے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔