مظفر آباد (نوائے وقت رپورٹ) مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف کو قید میں بھی قتل کرنے کی سازش کی گئی تھی۔آزاد کشمیر میں جلسے سے خطاب میں مریم نوازنے کہا کہ آزاد کشمیر کے بیٹے نواز شریف کا سلام لائی ہوں۔ یہ لوگ نوازشریف سے ڈرتے ہیں۔ عمران خان کی صبح شام نوازشریف کے نام سے ہوتی ہے۔ نوازشریف کے خلاف طرح طرح کی سازشیں ہوئیں۔ مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کے بنائے ہوئے منصوبوں کو گروی رکھنے کی سازش کررہے ہیں۔ کشمیر کے چپہ چپہ پر نوازشریف کا نام لینے والے موجود ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ ہارنے کے بعد اب انکی نظریں آزاد کشمیر پر ہیں۔ کشمیر کو بھارت کی جھولی میں پھینکنے کی سازش امریکہ میں کی گئی۔ نوازشریف کو مبارکباد دیتی ہوں کہ آپ کا نعرہ ووٹ کو عزت دو ہر جگہ پہنچ گیا ہے۔ آزاد کشمیر میں بھی ووٹ کو عزت دو کے نعرے گونج رہے ہیں۔ اگلا الیکشن ہارتا دیکھ کر انتخابی اصلاحات یاد آرہی ہیں۔ انتخابی اصلاحات صرف اور صرف عوام کی طاقت ہوتی ہے۔ الیکشن ریفارمز کوئی آر ٹی ایس یا کوئی مشین نہیں ہوتی۔ عمران خان! یوم حساب قریب ہے۔ یہ عوام تم سے حساب لیں گے۔ اگر الیکشن چوری کرنے کی کوشش کی تو کہیں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہوگے۔ ملکی راز صرف قوم کو معلوم نہیں باقی سب کو معلوم ہوتے ہیں۔ جب تیل کی قیمت بڑھتی ہے تو ہر چیز کی قیمت میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ تیل کی قیمت بڑھنے سے عمران خان کو فرق نہیں پڑتا کیونکہ وہ سائیکل پر دفتر جاتے ہیں۔ مریم نواز نے پلندری میں جلسہ سے خطاب میں کہا میری رگوں میں کشمیر کا خون دوڑتا ہے۔ نوازشریف کو عوام کا ساتھ دینے پر سزائیں دی گئیں۔ پوری ریاست کو نوازشریف کی دشمنی میں جھونک دیا گیا۔ نوازشریف کو عوام سے جدا نہیں کیا جاسکتا۔ نوازشریف نے بھارت کے 5 دھماکوں کے جواب میں 6 ایٹمی دھماکے کئے۔ نوازشریف کا تذکرہ ہو تو ملکی ترقی یاد آتی ہے۔ عمران خان یاد رکھو اپنے بڑوں کو سمجھا دو، (ن) لیگ اب وہ پرانی مفاہمت پسند جماعت نہیں رہی۔ مسلم لیگ (ن) نے مزاحمت کرنا سیکھ لیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) عوام کو ان کا حق دلا کر رہے گی۔ کیا تم نوازشریف کی محبت لوگوں کے دلوں سے کم کرسکے۔ عوام کے دلوں میں نوازشریف کی محبت پہلے سے بڑھ گئی۔ کشمیر میں جلسوں نے انداز ہی بدل دیا ہے۔ تمہاری حکومت ہے، نکال کر لائو بھارت میں نوازشریف کا کون سا کاروبار ہے۔ مودی کی جھولی میں تحفے کے طور پر کشمیر کون پھینک کر آیا۔ نوازشریف کے دور میں بھارتی وزیراعظم خود چل کر پاکستان آئے۔ مسلم لیگ (ن) نوشہرہ میں تمہارے گھر میں گھس کر تمہیں مکا مار کر ہرانا بھی جانتی ہے۔ اب ووٹ چوروں کے حلق میں ہاتھ ڈال کر اپنی سیٹ نکالنا جانتے ہیں۔ آزادکشمیر صوبہ بنا تو دوسری طرف جو قربانیاں دے رہے ہیں ان کا مقدمہ کون لڑے گا۔ کشمیر کا سودا امریکہ میں عمران خان کی مرضی سے ہوا۔