انڈسٹری مسائل کا حل، جدید پروگرام شروع کررہے: فردوس عاشق

Jul 16, 2021

لاہور،سیالکوٹ (نیوز رپورٹر +نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن چوہدری محمد اخلاق اور معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے شیخ محمد شفیع ہال میں صنعتکاروں اور برآمدکنندگان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق سیالکوٹ سمیت صوبہ بھر میں انڈسٹری کے مسائل کو حل کرنے کیلئے جدید پروگرامز کا اجرا ء کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر صدر چیمبر قیصر اقبال بریار، چیئرمین سیال خواجہ مسعود اختر، خاور انور خواجہ، ڈاکٹر اسلم ڈار، میاں محمد انور، ملک محمد اشرف اعوان، حنیف خان، بابر اقبال، میاں نعیم جاوید، محمد اکمل چیمہ، میاں امین احسن، خالد سونی سمیت کثیر تعداد میں صنعتکار موجود تھے۔ اسلم اقبال نے کہا ہے کہ انڈسٹری کے فروغ و جدت کے لئے کام کر رہے ہیں۔ سیالکوٹ کی سپورٹس گڈز انڈسٹری کیلئے سیالکوٹ میں میٹریل ٹیسٹنگ لیب کا اجراء کیا جا رہا ہے۔ صنعتی مزدوروں کیلئے ہاؤسنگ کالونی کیلئے لیبر ڈیپارٹمنٹ سے ملکر کام کریں گے۔ روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،ملکی ترقی کے لئے سپیشل اکنامک زون بنانے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا ہے کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار بزدار حکومت نے جامع اور مربوط صنعتی پالیسی دی، 10 فیصد سالانہ صنعتی ترقی،ہرسال 12 لاکھ افراد کو روزگار کی فراہمی، ہر سال 5 لاکھ افراد کو فنی تربیت کی فراہمی، ترجیحی معاشی صنعتوں کے فروغ اور اُن کے معیار کی بہتری کے لئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت آنے سے قبل صوبے میں صرف 3 سپیشل اکنامک زون تھے۔ پنجاب حکومت نے 13 سپیشل اکنامک زونز کے قیام پر بیک وقت کام کا آغاز کیا۔  13 سپیشل اکنامک زونز پر کام جاری ہے۔ سپیشل اکنامک زونز میں 10 سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اورپہلی بار درآمدی مشینری پر زیرو ڈیوٹی کی سہولت۔ مظفر گڑھ، لیہ، چوبارہ کے نزدیک ملک کی سب سے بڑی انڈسٹریل اسٹیٹ 20 ہزار ایکڑ پر بنائی جارہی ہے۔ ٹیوٹا کے زیر اہتمام سکلز کونسل کی تشکیل دی جا رہی ہے۔ انڈسٹری کے ساتھ روابط مضبوط ہونگے اور صنعت کی ضروریات کے مطابق کورسز مرتب کرنے میں مدد ملے گی۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مقامی انڈسٹری اور یوتھ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے پنجاب حکومت کی جانب سے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ای روزگار پی ٹی آئی حکومت کا جدت کا آئینہ دار پروگرام ہے جس کے ثمرات سے قوم بخوبی مستفید ہو رہی ہے۔ ای روزگار پروگرام پنجاب کے بیروزگار نوجوانوں کو فری لانسنگ کی تربیت فراہم کر رہا ہے جس سے وہ گھر بیٹھے آن لائن کام کر کے زرمبادلہ کما رہے ہیں۔ پنجاب میں 71 ہزار افراد کو فری لانسنگ کی تربیت فراہم کرنا اور 45 تربیتی مراکز کا قیام اس منصوبے کے آئندہ اہداف میں شامل ہے۔ اب تک 31 ہزار سے زائد امیدواروں کو تربیت دی جا چکی ہے۔ ان میں خواتین کی تعداد 54 فیصد ہے۔ مزید 4ہزار افراد زیرتربیت ہیں۔ ای روزگار پروگرام میں 3ماہ کی مفت تربیت دی جاتی ہے۔ صوبہ پنجاب کے مختلف تعلیمی اداروں میں 31 مراکز فعال ہیں۔ جن میں سے 5 مراکز خواتین کے لئے مختص ہیں۔ پروگرام سے تربیت پانے والے نوجوان اب تک ساڑھے 3 ارب روپے سے زائد کا زرمبادلہ کما چکے ہیں۔ تقریب سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نوجواناں محمد عثمان ڈار نے بھی ویڈیو لنک سے خطاب کیا۔ 

مزیدخبریں