امن سبوتاژ ک رنے کیلئے دشمن قوتیں پھر متحرک ہو گئیں: منور جماعتی

Jul 16, 2021

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کہا ہے ملک میں دہائیوں کے بعد قائم ہونے والے امن کو سبوتاژ کرنے کیلئے امن دشمن قوتیں ایک بار پھر متحرک ہو چکی ہیں جن کا قلع قمع کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے جس کیلئے عوام الناس کو سکیورٹی فورسز کیساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہونا ہو گا۔ ایک بیان میں پیر منور حسین شاہ جماعتی  نے کہا کہ پاک فوج و دیگر سکیورٹی اداروں پر آئے روز ہونے والے حملوں کے نتیجے میں شہادتیں رائیگاں نہیں جائیں گی اور سکیورٹی فورسز امن کی بحالی کیلئے ہر قیمت پر دہشت گرد کارروائیوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان سے مغربی فورسز کے انخلاء کے بعد طالبان کی بڑھتی سرگرمیوں کے بعد دہشت گرد حملوں میں اضافہ ہوا ہے جو انتہائی خطرناک امر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر کو بیرونی قوتوں کی سرپرستی حاصل ہے۔ ان حالات میں عوام الناس کو چاہئے کہ وہ اپنے گردوپیش کی خبر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قومی سلامتی کے اداروں کو دیں۔ انہوں نے کہا موجودہ صورتحال میں بھارت کا کردار بھی بڑا گھنائونا ہے کیونکہ پاکستان کے امن و سکون کو تباہ و برباد کرنا ہندوستان کی ہمیشہ سے خواہش رہی ہے۔ لہٰذا حکمران بھارت کے مکروہ کردار کو بھی عالمی دنیا کے سامنے بے نقاب کریں۔ 

مزیدخبریں