76سال کی عمر میںبھی روزانہ 15کلومیٹر رننگ کرتا ہوں : محمد رفیق 

 لاہور(حافظ محمد عمران/سپورٹس رپورٹر) ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی کے والد محمد رفیق76 سال کی عمر میں روزانہ 15کلو میٹر رننگ کرتے ڈھائی گھنٹے گراؤنڈ میں گذارتے ہیں۔ وقت اور حالات نے محمد رفیق کے معمول پر کوئی اثر نہیں ڈالا‘وہ سخت موسم میں بھی رننگ کرتے نظر آتے ہیں۔ نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے محمد رفیق کا کہنا تھا کہ بچپن سے کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لیتا رہا ہوں، سکول کے زمانے سے رننگ، سوئمنگ اور کرکٹ کھیلنے کا شوق رہا ہے۔ اظہر علی نے کبھی میرے ساتھ دوڑ نہیں لگائی۔ 76 ویں سالگرہ کے موقع پر ماڈل ٹاؤن پارک میں بیالیس کلو میٹر دور لگائی اس وقت تھوڑی دیر اظہر علی میرے ساتھ دوڑتے رہے۔ کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ اظہر علی پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کریگا لیکن یہ کوشش ہمیشہ رہی کہ اظہر کو اس قابل بنا دوں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا حصہ بن جائے۔ یہ اللہ تعالیٰ ہی خاص رحمت ہے۔ بیٹا بہت اچھا ہے اس کے مزاج میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔  اظہر دلبرداشتہ نہیں ہوتے، کبھی مسئلہ ہو تو میرے ساتھ گفتگو کرتے ہیں میں ہمیشہ کہتا ہوں چیزوں کو چلنے دیں اللہ پر یقین رکھیں۔ ۔ 2005 میں لاہور میراتھن میں حصہ لیا اس کے بعد اسلام آباد میراتھن کیلئے گیا تو منتظمین نے عمر زیادہ ہونے کی وجہ سے رجسٹریشن سے انکار کر دیا تھا۔ دبئی میراتھن میں حصہ لے چکا ہوں، لاہور میراتھن بہت یادگار تھی۔ ایک مرتبہ زیادہ رننگ کی وجہ سے انجری ہوئی تھی  اس وجہ سے دونوں گھٹنوں کو نقصان پہنچا لیکن علاج سے اللہ نے دوبارہ بھاگنے کے قابل کر دیا۔ اب بچوں کی ٹریننگ کیلئے اکیڈمی شروع کر رہا ہوں۔ اظہر علی کے بیٹے سب سے پہلے اس کا حصہ ہوں گے۔ اچھی صحت کیلئے ہمیشہ گھر سے کھانا کھائیں، مناسب خوراک لیں، میں پانی بھی باہر سے نہیں پیتا۔

ای پیپر دی نیشن