لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان نے نیوزی لینڈ کو مجوزہ دورے کے دوران 3 کے بجائے 5 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کی پیشکش کردی۔ورلڈ کپ ٹی 20 کی تیاریوں کیلئے پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 2 اضافی ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کی تجویز دیدی۔ پہلے سے طے شدہ پروگرام میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچز رکھے گئے تھے۔پی سی بی نے تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا کہ کیوی بورڈ سے 3 کے بجائے 5 ٹی ٹونٹی کھیلنے کی پیشکش کی تاکہ دونوں ٹیموں کو 17 اکتوبر سے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی بہتر تیاری میں مدد مل سکے۔ ابھی دونوں بورڈز کی اس معاملے پر بات چیت چل رہی ہے۔ میچز کی تعداد 5 کرنا ممکن ہوگا کیونکہ سیریز کی تاریخوں کو حتمی منظوری نہیں دی گئی۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 15 اور 16 اکتوبر کو 2 ٹی ٹونٹی میچز کا پہلے ہی شیڈول اناونس ہوچکا ہے۔ اس سے پہلے نیوزی لینڈ اور پاکستان کے میچز ہوسکیں گے۔ ویسٹ انڈیز کیساتھ سیریز کے بعد پاکستان اور افغانستان کے میچز یو اے ای میں مجوزہ ہیں۔