تاشقند: وزیر اعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور ازبکستان پہلے مغل بادشاہ ظہیر الدین بابر پر ایک فلم بنائیں گے ۔تاکہ نوجوان نسل دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے متعلق جان سکے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ازبک صدر شوکت مرزا یوف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ دونوں ممالک نے پہلے عظیم مغل بادشاہ ظہیر الدین بابر پر فلم بنانے کا فیصلہ کیا۔خطاب کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ مغلیہ سلطنت نے 300 سال تک ہندوستان پر حکومت کی جب یہ ملک دنیا کے امیر ترین ممالک میں شمار کیا جاتا تھا۔ میرا خیال ہے کہ پاکستان اور ازبکستان کے نوجوانوں کو یہ سیکڑوں سال پرانی تاریخ جاننی چاہئے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ظہیر الدین بابر کے علاوہ مرزا غالب، علامہ اقبال اور امام بخاری وہ شخصیات ہیں جو پاکستان اور ازبک قوم کو آپس میں جوڑ سکتی ہیں۔ امید کرتے ہیں دونوں ممالک کے مابین مضبوط ثقافتی تعلقات کا بھی آغاز ہوگا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان افغان مسئلے کے سیاسی حل کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔ افغانستان میں امن اور استحکام پڑوسی ممالک کے لیے انتہائی اہم ہے۔
گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کاازبک صدر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان اور ازبکستان کو غربت جیسے مشترکہ چیلنجز کا سامنا ہے، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ملک کر اس صورتحال کا سامنا کریں گے۔
اس دوران وزیر اعظم نے کہا کہ ازبکستان اور پاکستان معاشی ترقی کے اہم سفر پر گامزن ہیں۔ دونوں ممالک نے مل کر غربت کا خاتمہ کرنا ہے۔ ہم ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ آپ نیا ازبکستان اور ہم نیا پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔
پاکستان اور ازبکستان نے ظہیر الدین بابر پر فلم بنانے کیلئے اتفاق کیا ہے:وزیراعظم
Jul 16, 2021 | 10:02