جرمنی، شدید بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد80 ہو گئی، 100لاپتہ

Jul 16, 2021 | 15:35

ویب ڈیسک

 جرمنی میں شدید بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد80 تک پہنچ گئی جبکہ 100سے زیادہ افراد لاپتہ ہیں۔ اس ضمن میں 1500 فوجی ، پولیس اور ریسکیو اہلکاروں کو امدادی کارروائیوں کے لیے تعینات کیا گیا ہے جبکہ ہیلی کاپٹر کی مدد سے چھتوں پر موجود افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہاہے ۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے بارشو ں اور سیلاب متاثرین کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ موسلا دھار بارش کی وجہ سے رائن لینڈ ۔ پیلاٹینیٹ اور نارتھ رائن ویسٹ فیلیا (این آر ڈبلیو) ریاستیں سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہیں جہاں مکانات ،سڑکوں اور مواصلاتی نظام کو نقصان پہنچا۔ دریاﺅں اور ندیوں میں طغیانی کے باعث مزید مکانات گرنے کا خطرہ ہے۔ دوسری جانب طوفانی بارشوں نے پڑوسی ممالک لکسمبرگ ، ہالینڈ اور بیلجیئم کو بھی شدید متاثر کیا ہے ۔ بیلجیئم میں اب تک 11افراد کی ہلاکت کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

 

مزیدخبریں