لاہور(خصوصی نامہ نگار) دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ سیاست دان اپنے خطابات میں اخلاقی حدودوں کو پامال نہ کریں۔ ایک دوسرے کو برے القابات سے مخاطب کرنا اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔ ایک مسلمان کا دوسرے مسلمان پر بے بنیاد الزامات عائد کرنا، کردار کشی کرنا، گالم گلوچ کرنا معاشرے میں اخلاقی بگاڑ کا باعث بنتا ہے۔ موجودہ سیاستدانوں کی اشتعال پر مبنی گفتگو آنے والی نسلوں کیلئے انتہائی نقصان کا موجب بن سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز جمعۃ المبارک کے موقع پر ’’اخلاقی رویے اور اسلامی تعلیمات‘‘ کے موضوع پر خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کیا۔ ایک مومن کی پہچان یہ ہے کہ وہ اعلیٰ اخلاق سے آراستہ ہوتا ہے۔ مسلمان جھوٹ، طعنہ زنی، عیب جوئی، غیبت، گالم گلوچ، غیر اخلاقی گفتگو جیسی برائیوں سے دور رہتا ہے۔ وہ ہمیشہ سچائی کا ساتھ دیتا ہے اور پوری دیانتداری اور ایمانداری سے اپنے امور کو سرانجام دیتا ہے۔ ہم اپنے بچوں کی اعلیٰ اخلاقی تربیت کر کے ایک مثالی معاشرے کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔ لیڈر کا تعلق سیاست سے ہو یا مذہب سے وہ اپنے چاہنے والوں کیلئے رول ماڈل ہوتا ہے، اس لئے مذہبی و سیاسی قائدین اپنی گفتگو میں شائستگی اپنائیں۔ والدین اپنے بچوں کی اخلاقی تربیت کا خصوصی توجہ دیں۔
سیاستدان خطابات میں اخلاقی حدودوں کو پامال نہ کریں:راغب نعیمی
Jul 16, 2022