لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں کمی اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے۔ 50 روپے سے زائد پٹرول مہنگا کرکے 18 روپے سستا کرنا قوم کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔ اگر حکمران عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنا چاہتے ہیں تو پٹرول 100 روپے فی لیٹر تک سستا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹائون شپ میں امیدوار پی پی خالد احمد بٹ اور پی پی 170وقاص احمد بٹ کے مشترکہ انتخابی جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پٹرول کی قیمت میں18 روپے کی کمی کو نا کافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم بھی اپنے بلند وبانگ دعوؤں کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور ناکام ثابت ہوئی ہے۔ 22 جماعتوں کی اتحادی حکومت بھی تحریک انصاف کا تسلسل ثابت ہوئی ہے۔ ملک و قوم کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے والی مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے عوام کو مایوسی اور اندھیروں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ملک وقوم کو دیانتدار اور مخلص قیادت صرف جماعت اسلامی دے سکتی ہے۔ عوام چوروں لٹیروں اور کرپٹ مافیا سے نجات چاہتی ہے تو جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہو گا۔17 جولائی کا دن عوام کیلئے موقع ہے کہ چوروں، ڈاکوؤں،لوٹوں سے جان چھڑا کر اہل اور دیانتدار قیادت کو آگے لائیں۔
پی ڈی ایم دعوؤں کے باوجود عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام:ذکر اللہ مجاہد
Jul 16, 2022