اسلام آباد (اے پی پی) جمہوریہ ترکیہ کے چھٹے جمہوریت اور قومی یکجہتی کے دن کے موقع پر پاکستان کی حکومت اور عوام جمہوریہ ترکیہ کی حکومت اور عوام کے لیے اپنی مستقل یکجہتی اور بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔ 15 جولائی 2016 کی بغاوت کی کوشش کے خلاف بہادر ترک عوام کی جرات مندانہ جدوجہد یہ ظاہر کرتی ہے کہ اتحاد، حوصلے اور عزم کے ساتھ قومیں تمام مشکلات اور چیلنجز پر قابو پا سکتی ہیں۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے جمعہ کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اور حکومت ترکیہ کے برادر عوام اور حکومت کے ساتھ ان تمام شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ترکیہ کی جمہوریت اور استحکام کے دفاع میں اپنی جانیں نچھاور کیں۔ ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان غیر معمولی تعلقات جو ایک مشترکہ مذہبی، ثقافتی، لسانی اور روحانی ورثے سے جڑے ہوئے صدیوں پرانے ہیں اور ہر آزمائش پر پورے اترتے رہے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ دونوں اطراف کی سیاسی قیادت کے مضبوط عزم کے ساتھ، دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، کثیر جہتی تزویراتی تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہوتے رہیں گے۔
جمہوریت ، قومی یکجہتی کا دن، جمہوریہ ترکیہ اور عوام سے بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہیں: پاکستان
Jul 16, 2022