لاہور (این این آئی) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پبلک ٹرانسپورٹرز نے بھی 20 فیصد کرایوں میں کمی پر اتفاق کر لیا۔ دوسری جانب وزارت ریلوے نے بھی کرایوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ سیکرٹری پی ٹی اے کی زیرصدارت پبلک ٹرانسپورٹرز کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پبلک ٹرانسپورٹرز کو 20 فیصد کرائے کم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ پبلک ٹرانسپورٹرز نے بھی 20 فیصد کرایوں میں کمی پر اتفاق کیا۔ وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے ریلوے انتظامیہ کو ٹرینوں کے کرایوں میں کمی کی ہدایت کی ہے، جس کے بعد ایکسپریس اور پیسنجر ٹرینوں کی تمام کلاسز کے کرایوں میں کمی کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق فریٹ اور پارسل کے کرایوں میں بھی کمی کا امکان ہے، وزارت ریلوے نے ٹرینوں کے کرایوں میں 5 سے 10 فیصد کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹری ریلوے ظفر زمان رانجھا کی سربراہی میں جلد اجلاس متوقع ہے جس میں کرایوں میں کمی کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا، وزارت ریلوے سے منظوری کے بعد کرایوں میں کمی کا اطلاق ہوگا۔