لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان طویل محنت اور جدوجہد کے بعد 2024 ء میں ہونے والے کبڈی ورلڈکپ کی میزبانی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔ پاکستان بھارت کرتارپور کوریڈور بیسٹ آف سیریز اور پہلی کبڈی لیگ کرانے کی بھی نوید سنادی گئی ہے، ان فیصلوں کا اعلان لاہور میں پاکستان کبڈی فیڈریشن اور نجی ادارے کے درمیان ہونے والے معاہدہ کی تقریب میں کیا گیا۔کبڈی فیڈریشن کے صدر چودھری شافع حسین نے کھیل کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ رواں برس پہلی کبڈی لیگ، ننکانہ صاحب گولڈ کبڈی کپ، جونیئر کبڈی ورلڈکپ اور گوادر میں پاکستان چین کبڈی میچز ہونے جارہے ہیں۔ہمسایہ ملک بھارت کے ساتھ کرتارپور میں بیسٹ آف تھری میچز کے ساتھ انٹرنیشنل کبڈی چیمپئن شپ بھی کیلنڈر کا حصہ ہے، پاکستان میں کبڈی کا کھیل کرکٹ سے بڑا برانڈ بن سکتا ہے،کبڈی کو مقامی سطح پر فروغ دینے کی ضرورت ہے۔بھارتی پنجاب کبڈی کے صدر سردار سنگھ نے پاکستان میں کبڈی کے فروغ کے لیے فیڈریشن کی کاوشوں کوسراہتے ہوئے دونوں حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ کھیلوں میں روابط بحال کریں۔سیکرٹری کبڈی فیڈریشن رانا سرور نے بتایا کہ کبڈی کا کھیل پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کے قیام میں معاون ثابت ہوسکتا ہے،کرتار پور میں کبڈی میچز کیلئے این او سی کیساتھ دوسرے انتظامات پر بھی کام ہورہا ہے، سرکل سٹائل اور میٹ کبڈی کو ایشین گیمز اور اولمپکس میں شامل کرانا ہدف ہے۔