کوئٹہ+اسلام آباد (بیورو رپورٹ +خبر نگار خصوصی ) زیارت میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری رہا۔ کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے مزید 5 دہشتگرد ہلاک جبکہ ایک سکیورٹی اہلکار شہید ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق زیارت میں مغوی عمر جاوید کی بازیابی کے لئے آپریشن جاری ہے۔ 14 اور 15جولائی کی درمیانی شب سکیورٹی فورسز کی جانب سے خوست کے علاقے میں واقعہ خلیفت کے پہاڑی سلسلے میں دہشتگردوں کے ایک ٹھکانے کی نشاندہی کر کے اسے کلیئر کرنے کے لئے گھیرے میں لیا گیا تو وہاں موجود دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سکیورٹی اہلکار حوالدار خان محمد شہید ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کے جوابی کلیئرنس آپریشن میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے ) کے پانچ دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مغوی عمر جاوید کی بازیابی اور مجرموں کی گرفتار ی تک سینٹائزیشن آپریشن جاری رہے گا۔
زیارت فورسز: کا آپریشن جاری ، کا لعدم تنظیم کے مزید 5دہشتگرد ہلاک ، ایک جوان شہید
Jul 16, 2022