لودھراں‘ دنیا پور (خبر نگار‘ نمائندہ نوائے وقت‘ نامہ نگار) آر ٹی ایس اور آر ایم ایس کے حوالے سے پریذائیڈنگ آفیسرز کی ٹریننگ کا انعقاد گزشتہ روز گورنمنٹ گرلز ہائی سکول لودھراں میں کیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر الیکشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد و سپروائزر حلقہ پی پی 228 لودھراں محمد عمران ودیگر ماسٹر ٹرینرز پیر ابرار احمد, مختار الملک, محمد جوہر اور محمد نجیب نے پریذائیڈنگ آفیسرز کو ٹریننگ دی۔ تمام پریذائیڈنگ آفیسرز کو اینڈرائیڈ موبائل سیٹ پر آر ٹی ایس و آر ایم ایس ایپ انسٹال کروائی گئی۔ماسٹر ٹرینرز نے آر ٹی ایس و آر ایم ایس ایپ کے استعمال کے طریقہ کار کو مکمل طور پر واضح کیا اور عملی مشق بھی کرائی گئی۔ماسٹر ٹرینرز نے مزید وضاحت کرتے ہوئے پریذائیڈنگ آفیسرز کو کہا کہ وہ فارم 45 پر رزلٹ درج کرنے کے بعد اس کی تصویر آر ٹی ایس ایپ پر اپلوڈ کریں گے۔رزلٹ اپ لوڈ ہوتے ہی متعلقہ پولنگ سٹیشن کی لوکیشن اور نمبر ظاہر ہوجائے گا۔آر ٹی ایس پر حاصل شدہ رزلٹ کو آر ایم ایس پر کمپائل کیا جائے گا۔ پریذائیڈنگ آفیسرز فارم 45 اور رزلٹ کی ہارڈ کاپی بھی ریٹرننگ آفیسر کو جمع کروائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میڈیا کے لئے کیمپ آفس میں رزلٹ کے لئے سکرین لگائی جائیں گی۔