کراچی (نیوز رپورٹر) حیدرآباد میں ہوٹل پر جھگڑے کے دوران نوجوان کے قتل پر کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں جمعہ کو احتجاج کے دوران مشتعل افراد نے الآصف اسکوائر کے قریب گاڑی کو آگ لگا دی۔ سہراب گوٹھ کے قریب جمعہ کو بھی ہنگامہ آرائی کے واقعات کے دوران پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 15 افراد کو گرفتار کر لیا۔ ڈی ایس پی سہراب گوٹھ سہیل فیض کے مطابق مسلح گروہوں نے سہراب گوٹھ میں الآصف اسکوائر کے قریب گاڑی کو آگ لگا دی۔ اس موقع پر ڈی ایس پی سہراب گوٹھ چوہدری سہیل فیض کی ٹیم نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر کارروائی کی اور کار جلانے اور ہنگامہ آرائی میں ملوث 15 افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا۔ سہراب گوٹھ میں احتجاج کے دوران بس ٹرمینل پر حملہ آور ملزمان نے ڈیوٹی پر موجود ایک پولیس افسر سے سرکاری اسلحہ، گولیاں اور موبائل فون چھین لیا۔ احتجاج کرنے والے ملزمان نے دیگر املاک کی طرح سہراب گوٹھ بس ٹرمینل پر بھی حملہ کیا۔ اس دوران پولیس نے ملزمان پر لاٹھی چارج کیا۔ بھگدڑ اور ہاتھا پائی کے دوران ملزمان نے اے ایس آئی تراب شاہ کا سرکاری نائن ایم ایم پستول، اس کی 600 گولیاں اور وہاں موجود سب مشین گن کی ساڑھے سات سو گولیاں اور موبائل فون چھین لیا۔ حملہ آوروں نے چھینے ہوئے ہتھیار سے بھی فائرنگ کی۔ ذرائع کے مطابق ملزمان نے موٹر وے ایم نائن، سپر ہائی وے اور سروس روڈ پر کاروں، موٹرسائیکلوں اور دیگر گاڑیوں میں سوار اور پیدل افراد سے بھی لوٹ مار کی۔ اس سلسلے میں مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔ ڈی ایس پی سہراب گوٹھ سہیل فیض کے مطابق اسلحہ چھیننے والے ملزم کو شناخت کرلیا گیا ہے جس کی گرفتاری کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
سہراب گوٹھ/ کشیدگی