فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ اچھی شروعات ہے تاہم اس کے فوائد نچلے طبقہ تک پہنچانے کیلئے حکومت کو فوری اور سخت انتظامی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں ریکارڈ اضافہ کے بعد کمی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے حکومت کے عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمت میں کمی کے اثرات فوری طور پر عوام تک پہنچانے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ خاص طور پر ڈیزل کی قیمت میں خاطر خواہ کمی کی گئی ہے۔ جس سے سامان کی نقل وحمل کے علاوہ بسوں کے ذریعے سفر کرنے والوں کو کرایوں میں واضح کمی نظر آنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عام طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیساتھ ہی کرائے بڑھا دیئے جاتے ہیں مگر کمی کی صورت میں اِس کے فوائد لوگوں تک نہیں پہنچائے جاتے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ا س سلسلہ میں فوری انتظامی اقدامات اٹھانے ہوں گے تاکہ اس کمی کے ثمرات نچلے طبقہ تک پہنچائے جا سکیں۔ انہوں نے اس توقعکا بھی اظہار کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا موجودہ سلسلہ اونچ نیچ کا شکا ر نہیں ہوگا بلکہ آنے والے دنوں میں اس میں مزید کمی کے ذریعے لوگوں کو ریلیف دینے کی کوشش کی جائے گی۔