فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر حاجی محمدارشاد چوہدری نے کہا ہے کہ مہنگائی نے غریب سرکاری ملازمین کابھرکس نکال دیا،پٹرولیم مصنوعات میں محض معمولی کمی سے عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملے گا،پوری دنیا میں تیل کی قیمتیں کم ہورہی ہیں حکمران طبقہ اگرعام آدمی اورملازمین سے مخلص ہے تو پٹرولیم مصنوعات سمیت اشیاء خوردنوش کی قیمتوںکو پرانی سطح پرواپس لائے تاکہ لوگوں کو کچھ ریلیف مل سکے۔فیصل آبادمیں ایک روزہ تنظیمی دورے کے موقع کلیم شہیدپارک میں صوبائی، ڈویژنل، سرکاری اداروں کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین اپنی صفوں میں اتحاد پیداکریں اورفیصل آبادکے تمام سرکاری اداروں میں ایپکا کے یونٹ کاقیام عمل لایا جائے ،جلد ہی مہنگائی کیخلاف سٹرکوںپرآنے کا اعلان کریں گے ،اگرروزانہ کی بنیادپرمہنگائی میں اضافہ ہوسکتا ہے تو ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اسی حساب سے کم ازکم ماہانہ کی بنیادپراضافہ کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف زدہ حکمران طبقہ سرکاری ملازمین کیلئے مصیبت بن چکا ،ہوشربامہنگائی نے ملازمین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کردیئے ، حالیہ بجٹ میںجتنااضافہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کیاگیا،اس سے کئی گنازیادہ مہنگائی کرکے ملازمین کو دوبار سٹرکوںپرنکلنے پرمجبورکردیاہے۔
مہنگائی نے غریب سرکاری ملازمین کابھرکس نکال دیا،ارشاد چوہدری
Jul 16, 2022