کراچی (کامرس ڈیسک) وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ کی زیرِ صدارت محکمہ توانائی سندھ کے دفتر میں سندھ لاکھڑا کول مائننگ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکریٹری توانائی سندھ ابوبکر مدنی، سندھ لاکھڑا کول مائننگ کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکیٹیو آفیسر خادم حسین چنہ اور بورڈ کے دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبے کے دیگر علاقوں میں موجود کوئلے کی کانوں کو، کول مائننگ کمپنی کے دائرہ اختیار میں لانے کے لئے کمپنی کے نام کو سندھ لاکھڑا کول مائننگ کمپنی کے نام سے لاکھڑا کا لفظ نکال کر کمپنی کے اسکوپ کو دیگر علاقوں کی کوئلے کی کانوں تک وسعت دینے اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر توانائی سندھ نے ہدایت کی کہ جہاں جہاں کوئلے کی کانکنی کا کام ہوتا ہے ان سب مقامات پر ریسکیو سینٹر لازمی بنایا جائے اور ہر ریسکیو سینٹر میں ڈاکٹرز، کمپوڈر، ادویات، ایمبولینس ، ڈرائیور ، متعلقہ اسٹاف اور دیگر ضروری سازوسامان فراہم کیا جائے اور اس کام کو جنگی بنیادوں پر کیا جائے تاکہ کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے محنت کشوں اور مقامی آبادی کو مناسب طبی سہولیات مہیا کی جاسکیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں متاثرہ افراد کو فوری ریلیف مہیا کیا جاسکے ۔وزیر توانائی سندھ نے کہا کہ کان کنوں کی تربیت اور حفاظتی اقدامات کے حوالے سے ان کی تربیت کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے یہ بھی ہدایت کی کہ کوئلے کی تمام کانوں کے سیفٹی آڈٹ کا اسکوپ بڑھایا جائے کیونکہ ابھی صرف تھر پارکر میں کوئلے کی کانوں کا سروے ہورہا ہے اس سیفٹی آڈٹ کا اسکوپ بٹھاکر اسے لاکھڑا اور جھمپیر تک توسیع دی جائے اور آڈٹ رپورٹ میں بتایا جائے کہ کس کان میں کتنے مزدور کام کرہے ہیں اور وہاں ضوابط کے مطابق کیا سیفٹی اقدامات لئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیفٹی آڈٹ کی رپورٹ ماہانہ بنیادوں پر محکم توانائی سندھ کے دفتر میں بھیجی جائے۔وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے ہدایات دیں کہ ہماری کانوں پر جو محنت کش کام کررہے ہیں ان کی صحت و سلامتی کے اقدامات کرنا کان مالک اور دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز کی زمہ داری ہے اور ہمیں اپنے کان کنوں کی صحت وسلامتی کو یقینی بنانے کے لئے تمامتر اقدامات کرنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ہیلتھ اینڈ سیفٹی انسٹیٹیوٹ اگر موجود نہیں ہے تو ہیلتھ اینڈ سیفٹی انسٹیٹیوٹ بنانے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں اور اس دوران ٹریننگ کے لئے اپنے کان کنوں کو پنجاب بھیجا جائے۔اجلاس میں وزیر توانائی سندھ نے مائن سائٹس پر مڈل اسکول، ڈسپنسری اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لئے بھی ہدایات دیں۔
امتیاز شیخ کی صدارت‘ لاکھڑا کول مائننگ کے بورڈ کا اجلاس
Jul 16, 2022