کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ایشین جمناسٹک یونین (AGU) کی جانب سے پاکستان میں پہلی بار جمناسٹک کوچز کے لیے انٹرنیشنل جمناسٹ تربیتی کورس کا آغاز ہوگیا جس کی میزبانی پاکستان جمناسٹک فیڈریشن کر رہی ہے۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن کے سیکریٹری جنرل خالد محمود تھے جبکہ اس موقع پر مختلف سپورٹس فیڈریشنز کے صدور و سیکرٹریز بھی موجود تھے۔افتتاحی سیشن میںپاکستان جمناسٹک فیڈریشن کے صدر احمد علی راجپوت اور سیکریٹری جنرل پرویز احمد نے کورس کی اہمیت کے بارے میں شرکا کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 15 تا 19 جولائی لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ اس کوچنگ کیمپ میںپاکستان کے علاوہ انڈونیشیا‘ اردن‘ ایران‘ بنگلہ دیش‘ افغانستان اور نیپال کے 22جمناسٹ حصہ لے رہے ہیں۔ کورس میں ایران سے تعلق رکھنے والے ماہر جمناسٹ سید رضا حسین کے سربراہی میں پاکستان و دیگر ممالک کے کوچز تربیتی لیکچر اور تکنیکی مسائل پر روشنی ڈالیں گے۔