لاہور:پنجاب پر حکمرانی کرنے کا سہرا کس کے سر سجے گا یہ فیصلہ کل پنجاب کے ضمنی انتخابات کے بعد ہوگا۔پنجاب کے14 اضلاع کے 20حلقوں میں ضمنی انتخاب کا معرکہ کل سجے گا۔پنجاب کی ان سیٹوں پر یہ مقابلہ الیکشن کمیشن کی طرف سے ڈی سیٹ کئے جانے والے پنجاب اسمبلی کے ممبرز کے حلقوں میں ہورہا ہے۔20 حلقوں میں 175 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مجموعی طور پر45 لاکھ 79 ہزار 898 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔رجسٹرڈ ووٹرز میں 24 لاکھ 60 ہزار 206 مرد ، 21 لاکھ 19 ہزار 692 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔20حلقوں کے لیے3ہزار131پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ مرد پولنگ اسٹیشنز کی تعداد731،خواتین کیلئے700جبکہ1700مشترکہ اسٹیشنز قائم ہیں۔کل کے اس معرکے کے بعد وزیر اعلی پنجاب کا انتخاب ہوگا جس کے لیے نمبر گیم پہلے ہی بہت اہمیت اختیار کرچکی ہے ۔