قصور(نمائندہ نوائے وقت)پنجاب حکومت کی ہدایات کی روشنی میں ضلع قصور میں ڈینگی ڈے بھرپور طریقے سے منایا گیا۔ ضلع کی چاروں تحصیلوں میں ڈینگی سیمینارز اور ڈینگی واکس منعقد کی گئیں۔ محکمہ صحت کےساتھ تمام محکموں نے اپنے اپنے طور پر ڈینگی ڈے کی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا۔ سیمینارز اور واکس کا اہتمام کیا گیا۔ تمام یونین کونسلز میں کمیونٹی سیشنز بھی منعقد کئے گئے۔ ضلع بھر کی تمام سرکاری عمارتوں اور عوامی مقامات پر ڈینگی آگاہی بینرز اور فلیکسز آویزاں کئے گئے اور عوام میں ڈینگی آگاہی کے پمفلٹس تقسیم کئے گئے۔ تمام محکموں کے دفاتر اور چھتوں میں صفائی ستھرائی اور کھڑے پانی کو تلف کیا گیا۔ محکمہ صحت کی سرویلنس ٹیموں نے جہاں ضروری سمجھا وہاں لاروا تلف کرنے کی دوائی کا سپرے کیا۔