لاہور(خبرنگار) لمز یونیورسٹی کے وفد نے ایل ڈبلیو ایم سی کے محمود بوٹی پر قائم کمپوسٹ پلانٹ کا دورہ کیا۔ انٹرنیشنل گروتھ سنٹر، لمز یونیورسٹی کے وفد کی ایل ڈبلیو ایم سی کمپوسٹ پلانٹ آمد کے موقع پرسی ای او بابر صاحب دین کی زیر صدارت کمپوسٹ پلانٹ کی پروڈکشن بہتر بنانے کیلئے اہم مشاورتی اجلاس بھی کیا گیا۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین کا وفد کی آمد اور اجلاس کے حوالے سے کہنا ہے کہ کمپوسٹ کے معیار کو مارکیٹ ضروریات کے مطابق مزید بہتر بنانے کیلئے انٹرنیشنل گروتھ سنٹر ایل ڈبلیو ایم سی کو معاونت فراہم کرے گا۔ ایل ڈبلیو ایم سی کمپوسٹنگ کے عمل سے ”بیلیا“ نامی ماحول دوست کھاد تیار کر رہی ہے۔ کمپوسٹ کی کوالٹی کو مزید بہتر بنا کر جلد رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جائے گا۔