پشاور‘ کراچی (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے دو سابق ایم پی ایز کو ضمانت کی درخواست مسترد ہونے پر عدالت سے گرفتار کر لیاگیا۔ پشاور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج عامر نذیر نے 9 اور 10 مئی کو توڑپھوڑ اور جلاﺅ گھیراﺅ کے مقدمے نامزد پی ٹی آئی کے دو سابق ایم پی ایز ارباب وسیم حیات اور ملک واجد کی ضمانت قبل از گرفتاری درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں دونوں سابق ممبران اسمبلی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ عدالت نے سماعت کے بعد ارباب وسیم اور ملک واجد کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں مسترد کر دیں۔ دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی خان محمد جمالی نے پی ٹی آئی چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ کراچی میں سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات میں خان محمد جمالی اور لسبیلہ کے اہم سیاسی شخصیت وڈیرہ حسن جاموٹ نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سابق صدر آصف زرداری نے ایم این اے خان جمالی اور وڈیرہ حسن جاموٹ کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔
پی ٹی آئی، گرفتار