لاہور‘ ننکانہ صاحب (نیوز رپورٹر + نامہ نگار) وزیراعلیٰ محسن نقوی اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں صوبائی ایپکس کمیٹی کے فروری 2023ءکی میٹنگ میں کئے گئے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاءنے نظرثانی شدہ نیشنل ایکشن پلان پر پیش رفت اور پنجاب سیف سٹی پراجیکٹ سمیت سکیورٹی کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں 9 مئی 2023ءکو توڑ پھوڑ کے واقعات کے باعث سیف سٹی پراجیکٹ کے کیمروں، آلات اور تنصیبات کو پہنچنے والے نقصانات کا بھی جائزہ لیا گیا اور ساتھ ہی مستقبل میں ایسے نقصانات کے تدارک کیلئے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے جامع سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیاگیا۔ صوبائی ایپکس کمیٹی کو سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے اور ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کے حوالے سے سول انتظامیہ اور مسلح افواج کے درمیان قریبی تعاون اور مشترکہ اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔صوبائی ایپکس کمیٹی نے صوبے میں غیر ملکی شہریوں خصوصاً چینی شہریوں بشمول سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے چینی عملے کی حفاظت کیلئے کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے دہشت گردی کو شکست دینے اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے ہم آہنگی سے کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ محسن نقوی کی زیر صدارت اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب کے اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے 70 سے زائد جید علماءکرام، مشائخ عظام اور نامور علمی و دینی شخصیات نے شرکت کی۔ اتحاد بین المسلمین کمیٹی نے محرم الحرام کے دوران امن عامہ برقرار رکھنے کیلئے حکومت سے ہرممکن تعاون کا اعلان کیا۔ محسن نقوی نے اتحاد بین المسلمین کمیٹی کو قانونی حیثیت دینے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ اتحاد بین المسلمین کمیٹی کا اجلاس سال میں کم از کم 4 مرتبہ ہوگا۔ اتحاد بین المسلمین فورم فعال اور مضبوط ہونے سے علماءکرام اورحکومت کے درمیان اشتراک کار بہتر ہو گا۔ علماءکی خدمات کی قدرکرتے ہیں، مذہبی جذبات کا احترام ضروری ہے۔ اجلاس میں سویڈن میں توہین قرآن اور بائبل کو جلائے جانے کی اجازت کے عدالتی فیصلے اور اقوام متحدہ ہیومن رائٹس کونسل میں اسرائیل کی طرف سے پاکستان کے بارے میں ہرزہ سرائی کی مذمت کی گئی۔ 9 مئی کے واقعات اور فوجی تنصیبات پر حملو ں کی بھی شدید مذمت کی گئی۔ علامہ محمد حسین اکبر نے کہا کہ کفریہ کلمات کہنے والوں کے ساتھ ہرگز نہیں ہیں۔ مولانا حنیف جالندھری نے کہا کہ مذہبی حوالوں سے ضابطہ اخلاق اور قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ علماءامن کی کاوشوں میں کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔ آغا شاہ حسین قزلباش نے کہا کہ امن وامان کیلئے فراخدلی کا مظاہرہ بے حد ضروری ہے۔ مولانا راغب نعیمی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیئے۔ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثالی فضا قائم ہو چکی ہے۔ علامہ حامد سعید کاظمی نے کہا کہ آزادی اظہار کے نام پر توہین برداشت نہیں کی جائے گی۔ سید ضیاءاللہ شاہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر منافرت آمیز مواد پھیلانے والوں کو بے لگام نہیں چھوڑا جا سکتا۔ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان کے قیام اور اس کے استحکام میں علمائے کرام اور دینی شخصیات کا کردار ہماری تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ وطن عزیز کے معروضی حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ علمائے کرام، مذہبی و دینی شخصیات قومی یکجہتی، ملکی استحکام، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مجموعی امن و امان کیلئے ہمیشہ کی طرح اپنا اساسی اور کلیدی کردار ادا کرتے رہیں۔ حکومت پنجاب کی وساطت سے پوری قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ محراب و منبر دفاع وطن اور قومی و ملی سلامتی کے تقاضوں سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ ہم ضرورت پڑنے پر پوری قوم کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح متحد اور متفق کھڑے ہوں گے۔ محسن نقوی نے سمن آباد انڈر پاس پراجیکٹ کی تکمیل میں تاخیر پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے اور پراجیکٹ میں تاخیر پر ایل ڈی اے کے حکام سے ناراضی کا اظہارکیا ہے۔ وزیر اعلی نے سمن آباد انڈرپاس پراجیکٹ کو سیکرٹری تعمیرات و مواصلات اور سیکرٹری ہاو¿سنگ پر مشتمل 2 رکنی کمیٹی کے سپردکر دیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا اور مریضوں کی عیادت کی۔ محسن نقوی کو ایک خاتون اپنے بچے کے مرض کے بارے میں بتاتے ہوئے آبدیدہ ہو گئی۔ محسن نقوی نے خاتون کو دلاسہ دیا اور بچے کو فوراً لاہور شفٹ کرنے کی ہدایت کی۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق محسن نقوی نے ڈاکٹرز کی غیر حاضری اور واٹر فلٹریشن پلانٹ سمیت ہسپتال میں صفائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار، غیر حاضر ڈاکٹرز کو معطل کرنے کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے ڈاکٹر حصام مختار اور لیڈی ڈاکٹر شاہین کی غیرحاضر ی پر برہمی کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے واٹر فلٹریشن پلانٹ میں گندگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واٹر فلٹریشن پلانٹ سمیت صفائی ستھرائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔