دبئی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دو طرفہ تجارت کے لئے روپیہ اور درہم میں ادائیگیوں کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ابوظہبی پہنچے، جہاں انہوں نے ولی عہد شیخ خالد محمد بن زائد النہیان سے ملاقات کی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مودی کے دورہ یو اے ای کے دوران دو طرفہ تجارت کے لیے روپیہ، درہم ادائیگیوں سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ بھارت اس سمجھوتے کا استعمال متحدہ عرب امارات سے تیل، دیگر درآمدات کی ادائیگی کے لیے کرے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت 2022-23ء میں 84.5 بلین ڈالر تھی۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیم کے شعبے میں مواقعوں پر سمجھوتے کی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔ بعد ازاں بھارتی وزیراعظم واپس روانہ ہو گئے۔